شریئس ایر اور اشون نے توڑا بنگلہ دیش کا خواب، میرپور ٹیسٹ میں جیت کے ساتھ ہندوستان کا سیریز پر 2-0 سے قبضہ

بنگلہ دیش کی طرف سے اسپن گیندباز مہدی حسن میراز نے ہندوستانی بلے بازوں کو خوب پریشان کیا اور 19 اوور میں 63 رن دے کر 5 وکٹ حاصل کیے۔

روی چندرن اشون
روی چندرن اشون
user

قومی آوازبیورو

میرپور ٹیسٹ میں جیت حاصل کر ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جا رہے دو ٹیسٹ میچ کی سیریز پر 2-0 سے قبضہ کر لیا ہے۔ آج دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا، لیکن ہندوستان کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کا بنگلہ دیش کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکا۔ اشون کو ان کی آل راؤنڈر کارکردگی کی وجہ سے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

میرپور ٹیسٹ میں بنگلہ دیشی اسپن گیندباز مہدی حسن میراز اور کپتان ثاقب الحسن کی بہترین گیندبازی کی وجہ سے ہندوستان شکست کی طرف بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا تھا، لیکن شریئس ایر اور روی چندرن اشون نے اہم شراکت داری کر میچ میں ہندوستان کو تین وکٹ سے فتح دلا دی۔


بنگلہ دیش نے میرپور ٹیسٹ میں ہندوستان کو دوسری اننگ میں جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے محض 45 رن پر ہی اپنے چار اہم وکٹ گنوا دیے تھے۔ جب چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو ہندوستان کی حالت مزید خستہ ہو گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے تین مزید وکٹ گر گئے تھے، لیکن شریئس ایر اور روی چندرن اشون نے آٹھویں وکٹ کے لیے 71 رنز کی اہم شراکت داری کی اور جیت ہندوستان کی جھولی میں ڈال دی۔ شریئس ایر نے ناٹ آؤٹ 29 رن اور روی چندرن اشون نے ناٹ آؤٹ 42 رن کی اننگ کھیلی۔

ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ رن اشون نے ہی بنائے، جبکہ میچ کے تیسرے دن نائٹ واچ مین کے طور پر کھیلنے میدان میں اترے اکشر پٹیل نے 34 رنز کا اہم تعاون پیش کیا۔ ہندوستان کی طرف سے پانچ بلے باز تو دوہرے ہندسہ تک بھی نہیں پہنچ پائے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن میراز نے ہندوستانی بلے بازوں کو خوب پریشان کیا اور 19 اوور میں 63 رن دے کر پانچ وکٹ حاصل کیے۔ 2 وکٹ بنگلہ دیشی کپتان ثاقب الحسن کو ملا جنھوں نے 14 اوور میں 50 رن خرچ کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔