شاہین شاہ آفریدی نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا

ہدف کے تعاقب میں برمنگھم بیئرز کو پاکستانی اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کے پہلے خطرناک اوور کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے 7 رنز دے کر 4 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاہین آفریدی، تصویر آئی اے این ایس
شاہین آفریدی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لندن: برطانیہ میں کھیلی جانے والی ٹی-20 سیریز بلاسٹ میں برمنگھم بیئرز کے خلاف شاہین آفریدی کرکٹ کی تاریخ میں ٹی-20 میچ کے پہلے اوور میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے باؤلر بن گئے ہیں۔ برمنگھم بیئرز نے ٹاس جیت کر ناٹنگھم شائر کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے ٹام مورس کے 42 گیندوں پر 73 رنز اور لنڈن جمیز کے 37 رنز کی مدد سے مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنائے۔

اننگز میں پاکستانی باؤلر حسن علی اور جیک لِنٹوٹ نے 3، 3، گلین میکس ویل نے 2 جبکہ ہینری بروکس نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہدف کے تعاقب میں برمنگھم بیئرز کو پاکستانی اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کے پہلے خطرناک اوور کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے 7 رنز دے کر 4 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلی 2 گیندوں پر 2 وکٹیں حاصل کیں، پہلے ایلکس ڈیویس کو ایل بی ڈبلیو، پھر کرس بینجمن کو بولڈ کر دیا، اس کے بعد اوور کی پانچویں اور چھٹی گیند پر ڈین موسلے اور ایڈ برنارڈ کو آؤٹ کر دیا۔


تاہم وہ اس شاندار کارکردگی کے باوجود اپنی ٹیم کو جیت نہ دلوا سکے، راب یِٹس کے شاندار 65 اور جیکب بیتھیل، جیک لنٹوٹ کے 27-27 رنز کی بدولت برمنگھم بیئرز نے مقررہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر کے ناٹنگھم شائر کو شکست دے دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔