پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے ہوگا شروع، پرانی عمارت سے آغاز، نئی عمارت میں ہوگا اختتام

پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی 2023 سے شروع ہوگا اور 11 اگست تک جاری رہے گا۔ 23 دنوں تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں کل 17 نشستیں ہوں گی۔

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہو کر 11 اگست تک جاری رہے گا۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے کیونکہ اہم اپوزیشن پارٹیوں نے اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت کا محاصرہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

پرہلاد جوشی نے ٹوئٹ کیا ’’پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہوگا اور 11 اگست تک جاری رہے گا۔ 23 دن تک چلنے والے اس اجلاس میں کل 17 نشستیں ہوں گی۔‘‘ انہوں نے کہا ’’میں تمام جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اجلاس کے دوران قانون سازی اور پارلیمنٹ کے دیگر کاموں میں تعمیری تعاون کریں۔‘‘


خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے یکساں سول کوڈ کی وکالت کے بعد کانگریس سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بھی ہنگامہ آرائی کے امکانات ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کا آغاز پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا اور بعد کی نشستیں نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو سکتی ہیں۔

آئندہ اجلاس میں مرکزی حکومت گورنمنٹ آف نیشنل کیپیٹل ٹیریٹری آف دہلی (ترمیمی) آرڈیننس کو تبدیل کرنے کے لیے ایک بل لا سکتی ہے، جو سروس کے معاملات میں دہلی حکومت کو قانون سازی اور انتظامی کنٹرول دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے گا۔ اس کے علاوہ حکومت نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن (این آر ایف) بل 2023 کو پارلیمنٹ میں پیش کر سکتی ہے جس سے این آر ایف کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔