ساہا کی ناٹ آوٹ نصف سنچری، ہندوستان کو جیت کے لئے آخری دن 9 وکٹ درکار

آج مہمان ٹیم کی دوسری اننگز کے صرف چار اوورز میں روی چندرن اشون نے سلامی بلے باز ول ینگ کو محض دو رن کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو کرکے اپنا شکار بنایا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کانپور: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ محض 51 رن پر گنوانے کے باوجود ہندوستان نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے اتوار کے روز چوتھے دن سات وکٹ پر 234 رن بناکر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا اور مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 284 رن کا ہدف دیا، جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک وکٹ گنوا کر چار رن بنالئے تھے۔ گرین پارک گراؤنڈ میں ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 345 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 296 رنز پر سمٹ گئی۔ پہلی اننگز میں 49 رنز کی اہم برتری حاصل کرنے کے بعد ہندوستان نے آج دوسری اننگز سات وکٹ پر 234 رنز پر ڈکلیئر کردی۔

آج مہمان ٹیم کی دوسری اننگز کے صرف چار اوورز میں روی چندرن اشون نے سلامی بلے باز ول ینگ کو محض دو ارن کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو کرکے اپنا شکار بنایا۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت تک ٹام لاتھم (دو) اور نائٹ واچ مین کے کردار میں ویلیم سومرول بغیر کسی رن کے کریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل، دوسری اننگز میں ہندوستانی ٹیم نے اپنے کل کے اسکور میں ایک وکٹ پر 14 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور لنچ تک ایک کے بعد ایک چار وکٹیں گنوائیں۔ لنچ پر ہندوستان کا اسکور پانچ وکٹ پر صرف 84 رن تھا۔


لنچ کے وقت پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے شریس ایر (18) اور روی چندرن اشون 20 رن بنا کر کریز پر جمے ہوئے تھے۔ لنچ کے بعد شریس اور اشون کی جوڑی نے سنبھال کر کھیلتے ہوئے نصف سنچری شراکت کی، لیکن اس بیچ اشون 32 رن کے نجی اسکور پر کائل جیمیسن کا شکار بنے۔ بعد میں شریس اور نئے بلے باز ردھمن ساہا (61 ناٹ آوٹ) نے کھیلنا شروع کا اور شریس نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 65 رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔

پہلی اننگ میں سنچری اور دوسری میں نصف بنانے والے شریس پہلے ہندوستانی ٹیسٹ بلے باز بنے۔ وہ ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کیپر بلینڈل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شریس نے 125 گیندوں پر 65 رنز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شریاس کے آؤٹ ہونے کے وقت ہندوستان کا اسکور سات وکٹوں پر 167 رنز تھا اور ہندوستانی اننگز کے جلد ہی ختم ہونے کی امید تھی لیکن زخمی ساہا نے اکشر پٹیل (28 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ کیوی گیند بازوں کے سامنے بہادری سے مقابلہ کیا اور ٹیم کو قابل دفاع اسکور تک پہنچایا۔


میدان پر کم روشنی کے بیچ ٹیم انڈیا کے کپتان اجنکیا رہانے نے اننگز کے 81 ویں اوور کے بعد اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔ ساہا 126 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ یہ ان کی چھٹی نصف سنچری تھی۔ پٹیل نے 67 گیندوں میں ناٹ آوٹ 28 رن میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ نیوزی لینڈ کو آج پہلی کامیابی چیتشور پجارا (22) کی وکٹ کی شکل میں ملی جو کائل جیمسن کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ ہو گئے۔ اننگز کے 15ویں اوور میں اعجاز پٹیل نے نئے بلے باز کپتان اجنکیا رہانے کو صرف چار رن کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ہندوستان کی امیدوں کو دھچکا دیا۔

شائقین کو پجارا اور رہانے سے بہت امیدیں تھیں، جو میچ سے پہلے آؤٹ آف فارم تھے، لیکن اب انہیں اس کے لیے اگلے میچ کا انتظار کرنا پڑے گا۔ ہندوستان کی دوسری اننگز ابھی ختم نہیں ہوئی تھی کہ ٹم ساؤتھی نے مینک اگروال (17) کو ٹام لیتھم کے ہاتھوں کیچ کرا کر چوتھا جھٹکا دیا، جب کہ نئے بلے باز رویندر جڈیجا کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے جڈیجہ دوسری اننگز میں کھاتہ بھی نہیں کھول سکے تھے اور صرف دو گیند کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔