’کردار بدل گئے، لیکن مقصد نہیں‘، روہت کی بطور کپتان واپسی پر ممبئی انڈینز کے کوچ پولارڈ کا بیان

روہت شرما کے متعلق کیرون پولارڈ نے کہا کہ ’’ظاہر ہے کہ وہ رسی (باؤنڈری) کے اس طرف ہوں گے اور میں رسی کے دوسری طرف، لیکن ہماری سوچ وہی رہے گی اور مقصد بھی وہی ہوگا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما اور کیرون پولارڈ، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے ہیڈ کوچ کیرون پولارڈ کا ماننا ہے کہ روہت شرما کے ساتھ ان کی پرانی اور مضبوط شراکت داری ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ پولارڈ نے کہا کہ آئی پی ایل 2027 میں کپتان کے طور پر روہت کی واپسی سے فرنچائز کو اس کامیاب دور کو دوبارہ دوہرانے کا موقع ملے گا، جب دونوں نے مل کر ممبئی انڈینز کو 5 آئی پی ایل خطاب دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ روہت شرما ایک بار پھر ممبئی انڈینز کی کپتانی سنبھالیں گے۔ فرنچائز نے جمعہ کو اس کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ ہاردک پانڈیا کے پنجاب کنگز میں ٹریڈ ہونے کے بعد کیا گیا ہے، جنہوں نے 2024 سے 2026 تک ٹیم کی قیادت کی تھی۔ ممبئی انڈینز کے لیے آئی پی ایل 2027 کا سیزن خاص ہونے والا ہے، کیونکہ یہ ٹورنامنٹ میں فرنچائز کا 20 واں سال ہوگا۔ ایسے میں کپتانی کی ذمہ داری دوبارہ روہت شرما کو سونپنا ٹیم کے لیے ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔ روہت نے اپنے سابقہ دور میں ممبئی انڈینز کو ایک کامیاب ٹیم کے طور پر قائم کیا تھا اور اس کی ٹائٹل جیتنے کی روایت کی مضبوط بنیاد رکھی تھی۔


اتوار کو فرنچائز کے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک ویڈیو میں کیرون پولارڈ نے روہت شرما کے ساتھ اپنے طویل تعلق اور کامیاب شراکت داری کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’وقت کے ساتھ ہم نے جو اچھے اور برے لمحات ساتھ گزارے ہیں، میرے خیال میں وہ آگے بھی ہمارے کام آئیں گے۔ وہ میرے ممبئی انڈینز کے پورے کیریئر کے دوران ٹیم کے لیڈر رہے ہیں۔ جب انہوں نے 2013 میں کپتانی سنبھالی تھی، تب ہم نے مل کر ٹائٹل جیتا تھا۔‘‘

ممبئی انڈینز کے نومنتخب کوچ کیرون پولارڈ کا کہنا ہے کہ ’’بس کردار بدلا ہے، لیکن وہی جوش اور جذبہ برقرار رہے گا۔ ہمارا ایک ہی مقصد ہے، جیتنا اور خوشی کے ساتھ جیتنا۔ میرے لیے ذاتی طور پر اس معاملے میں کچھ بھی مختلف نہیں ہوگا۔‘‘ روہت شرما کے متعلق انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ظاہر ہے کہ وہ رسی (باؤنڈری) کے اس طرف ہوں گے اور میں رسی کے دوسری طرف، لیکن ہماری سوچ وہی رہے گی اور مقصد بھی وہی ہوگا۔ امید ہے کہ ہمیں ویسی ہی کامیابی ملے گی، جیسی ہمیں ایک ساتھ کھیلتے ہوئے حاصل ہوئی تھی۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ روہت شرما 2011 میں ممبئی انڈینز سے جڑے تھے اور 2013 کے سیزن کے درمیان رکی پونٹنگ کی جگہ ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی۔ ان کی قیادت میں ممبئی نے اسی سیزن ایڈن گارڈنز میں اپنا پہلا آئی پی ایل ٹائٹل جیتا تھا۔ اس کے بعد ٹیم نے چند ماہ میں چمپئنز لیگ ٹی-20 ٹرافی بھی اپنے نام کی، جس سے فرنچائز کے کامیاب ترین دور کا آغاز ہوا۔ روہت شرما کی کپتانی میں ممبئی انڈینز نے 2015، 2017، 2019 اور 2020 میں بھی آئی پی ایل ٹائٹل جیتے، جس سے ٹیم نے مجموعی طور پر 5 ٹرافیاں اپنے نام کیں۔ اس کامیابی کے ساتھ روہت آئی پی ایل کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں میں شامل ہو گئے اور انہوں نے ایم ایس دھونی کے 5 ٹائٹل جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔