ٹی-20 میں 15 ہزار رنز بنا کر کیرون پولارڈ نے رقم کی تاریخ، یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے کھلاڑی بنے
کیرون پولارڈ نے اب تک اپنے کیریئر میں 755 ٹی-20 میچوں کی 672 اننگز میں بلے بازی کرتے ہوئے 31.67 کی اوسط اور 150.84 کے اسٹرائیک ریٹ سے 15014 رنز بنائے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے ٹی-20 فارمیٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں۔ وہ اس سنگ میل کو عبور کرنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انگلینڈ کے جوس بٹلر اس فہرست میں پہلے مقام پر ہیں۔ پولارڈ ان دنوں انٹرنیشنل لیگ ٹی-20 میں ایم آئی ایمیریٹس کی کپتانی کر رہے ہیں۔ ڈیزرٹ وائپرس کے خلاف ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پولارڈ نے 15 رنز بنائے۔
میچ سے قبل پولارڈ کو 15 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 1 رن کی ضرورت تھی۔ انہوں نے 15 رنز بنا کر نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اب پولارڈ کے 15014 رنز ہو گئے ہیں۔ پہلے مقام پر موجود جوس بٹلر کے نام پر 15062 رنز ہیں۔ پولارڈ بٹلر سے صرف 48 رنز پیچھے ہیں۔ ایسے میں کیرون پولارڈ اگلے میچ میں جوس بٹلر کا ریکارڈ توڑ کر پہلے مقام پر آ سکتے ہیں۔
ٹی-20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ٹاپ 10 بلے باز
جوس بٹلر: 15062 رنز
کیرون پولارڈ: 15014 رنز
الیکس ہیلس: 14581 رنز
کرس گیل: 14562 رنز
ڈیوڈ وارنر: 14411 رنز
وراٹ کوہلی: 14218 رنز
جیمس ونس: 14218 رنز
شعیب ملک: 13571 رنز
کوئنٹن ڈی کاک: 13046 رنز
فاف ڈو پلیسس: 12784 رنز
قابل ذکر ہے کہ کیرون پولارڈ نے اب تک اپنے کیریئر میں 755 ٹی-20 میچ کھیل لیے ہیں۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ فہرست میں سنیل نرین 618 میچوں کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ پولارڈ نے 672 اننگز میں 31.67 کی اوسط اور 150.84 کے اسٹرائک ریٹ سے بلے بازی کرتے ہوئے 15014 رنز بنا لیے ہیں۔ اس دوران ان کے بلے سے 2 سنچریاں اور 71 نصف سنچریاں نکلیں، جن میں ان کا بہترین اسکور 104 رنز رہا۔ دوسری جانب 436 اننگز میں گیندبازی کرتے ہوئے کیرون پولارڈ نے 25.36 کی اوسط سے 341 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ان کی بہترین کارکردگی 15 رنز دے کر 4 وکٹیں رہیں۔ اس دوران انہوں نے 8 بار ایک میچ میں 4 سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
