’سوری یونیورس باس‘، کرس گیل کا عالمی ریکارڈ توڑنے پر کیرون پولارڈ نے مانگی معافی
کیرون پولارڈ کے نام اب ٹی-20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 14582 رنز درج ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یہ رن 736 میچوں کی 653 اننگز میں بنائے ہیں۔ اس دوران ان کے بلے سے 67 نصف سنچریاں اور 2 سنچریاں بھی نکلی ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے ٹی-20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ میجر لیگ کرکٹ 2026 میں کھیلی گئی ایک شاندار سنچری اننگ کے دوران انہوں نے کرس گیل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ تاریخی کامیابی حاصل کی۔ 39 سال کی عمر میں پولارڈ نے یہ کارنامہ کرتے ہوئے ٹی-20 کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سب سے اوپر درج کرا لیا۔ انہوں نے ممبئی کی فرنچائز کی جانب سے کھیلتے ہوئے واشنگٹن فریڈم کے خلاف سنچری اسکور کی اور اسی اننگ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
کیرون پولارڈ کے نام اب ٹی-20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 14582 رنز درج ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یہ رن 736 میچوں کی 653 اننگز میں بنائے ہیں۔ اس دوران ان کے بلے سے 67 نصف سنچریاں اور 2 سنچریاں بھی نکلی ہیں۔ جبکہ کرس گیل نے اپنے ٹی-20 کیریئر میں 463 میچوں کی 455 اننگز میں 14562 رنز بنائے تھے۔ حالانکہ ٹی-20 کرکٹ میں سب سے بڑی اننگ کھیلنے کا ریکارڈ اب بھی کرس گیل کے نام ہے۔ انہوں نے ناٹ آؤٹ 175 رنز کی تاریخی اننگ کھیلی تھی۔ اس کے علاوہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ 22 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی اب تک ان کے پاس ہے۔
میچ کے بعد کیرون پولارڈ نے کہا کہ ’’کرس گیل کو پیچھے چھوڑنا بے حد خاص ہے۔ ویسٹ انڈیز میں ہم سبھی انہیں اپنا آئیڈیل مانتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس لیے میں صرف اتنا کہوں گا، سوری یونیورس باس لیکن اب ہم دونوں سب سے اوپر ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’نمبر 6 یا 7 پر بلے بازی کرنا آسان نہیں ہوتا۔ لیکن کسی نہ کسی کو یہ ذمہ داری نبھانی پڑتی ہے۔ جب باقی کھلاڑی ٹاپ آرڈر میں بلے بازی کرنا چاہتے ہیں، تب ٹیم کو ایسے کھلاڑیوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے جو میچ ختم کر سکیں۔ میں نے اپنے رول کو قبول کیا اور اسی پر محنت کی۔ جب آپ اپنے کام کو سمجھ کر تیاری کرتے ہیں تو نتائج بھی اچھے آتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ ایک دور ایسا بھی تھا جب پولارڈ، کرس گیل اور ڈوین براوو جیسے کھلاڑیوں کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ سے زیادہ فرنچائز کرکٹ کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس تعلق سے پولارڈ نے کہا کہ ’’اگر میں کہوں کہ میں نے کبھی سب سے زیادہ رن بنانے کا خوب دیکھا تھا تو یہ جھوٹ ہوگا۔ لیکن مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے ایک نئی راہ اختیار کی۔ اس وقت لوگوں نے ہمارا خوب مذاق اڑایا تھا۔ آج وہ ماڈل دنیا بھر میں اپنایا جا رہا ہے۔ اب کھلاڑی کم عمر میں فرنچائز کرکٹ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ کرکٹ اب صرف کھیل نہیں رہا، یہ ایک بڑا بزنس بھی بن چکا ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
