روی چندرن اشون کا آئی پی ایل کو الوداع، عالمی ٹی 20 لیگز میں نیا سفر شروع

ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون نے آئی پی ایل کو الوداع کہہ دیا۔ 221 میچز میں 187 وکٹیں لینے والے اشون اب دنیا کی دیگر ٹی 20 لیگز میں کھیلیں گے اور نئی اننگز کا آغاز کریں گے

<div class="paragraphs"><p>اشون، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی کرکٹ کے مایہ ناز آف اسپنر روی چندرن اشون نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ بدھ 27 اگست کو سوشل میڈیا پر اپنے ایک جذباتی پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ اب وہ آئی پی ایل میں کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے لیکن دنیا بھر کی مختلف ٹی 20 فرنچائز لیگز میں اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

38 سالہ اسپنر نے اپنے ریٹائرمنٹ پوسٹ میں لکھا، ’’آج میرے لیے خاص دن ہے اور ایک نئی شروعات بھی۔ کہتے ہیں ہر اختتام ایک نئی شروعات لاتا ہے۔ میرا آئی پی ایل کیریئر ختم ہو رہا ہے لیکن اب میں دنیا کی دیگر لیگز میں کرکٹ کا نیا سفر شروع کر رہا ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان تمام فرنچائزیز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں یادگار لمحات اور تعلقات دیے۔ ساتھ ہی انہوں نے آئی پی ایل اور بی سی سی آئی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ روی چندرن اشون نے 18 دسمبر 2024 کو گابا ٹیسٹ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ آئی پی ایل میں کھیلتے رہیں گے۔ انہوں نے آئی پی ایل 2025 میں چنئی سپر کنگز کے لیے نمائندگی کی، جہاں انہوں نے 9 میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور 33 رنز بنائے۔ اگرچہ ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا، تاہم اشون کی کارکردگی قابل ذکر رہی۔


اپنے کیریئر کے دوران اشون نے آئی پی ایل میں مجموعی طور پر 221 میچ کھیلے اور 187 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا اکنامی ریٹ 7.20 رہا اور بہترین بولنگ 34 رنز کے عوض 4 وکٹیں رہی۔ بلے بازی میں بھی انہوں نے 98 اننگز میں 833 رنز بنائے جن میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 50 رنز تھا۔

اشون نے آئی پی ایل میں پانچ ٹیموں کی نمائندگی کی: چنئی سپر کنگز، پنجاب کنگز، دہلی کیپیٹلز، راجستھان رائلز اور رائزنگ پونے سپر جائنٹس۔ انہوں نے پنجاب کنگز کی قیادت بھی کی۔

آئی پی ایل کے تاریخ ساز گیندبازوں میں اشون کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ یجوویندر چہل، بھونیشور کمار، سنیل نارائن اور پیوش چاولہ کے بعد آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پانچویں گیندباز کے طور پر ریٹائر ہوئے۔

حالیہ دنوں میں اشون بعض تنازعات میں بھی گھِرے رہے۔ انہوں نے ڈیوالڈ بریوس کے معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ’زیادہ پیسے‘ دیے گئے ہیں، جس پر کافی بحث ہوئی اور بعد میں انہوں نے وضاحت پیش کی۔ اس کے باوجود اشون کا آئی پی ایل کیریئر شاندار اور یادگار رہا۔

ان کے اس فیصلے کے بعد مداحوں اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے انہیں نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ اشون اپنی نئی اننگز میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔