رنجی ٹرافی: انڈر-19 عالمی کپ فاتح ٹیم کے کپتان یَش دھل کا دھماکہ، دونوں اننگ میں بنائی سنچری

یَش دھل نے سینئر کرکٹ میں قدم رکھتے ہوئے دہلی کی پہلی اننگ میں 113 رن بنائے تھے، اور دوسری اننگ میں بھی 202 گیندوں میں 14 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 113 رن ہی بنائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انڈر-19 عالمی کپ فاتح ہندوستانی ٹیم کے کپتان یَش دھل نے سینئر کرکٹ میں قدم رکھتے ہوئے دھماکہ دار آغاز کیا ہے۔ انھوں نے پہلا رنجی ٹرافی میچ کھیلتے ہوئے دونوں اننگ میں سنچری بنا کر اپنے نام ایک خاص ریکارڈ کر لیا۔ وہ ایسا کرنے والے ساتویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ حالانکہ دھل اپنی ٹیم دہلی کو جیت نہیں دلا سکے۔ دہلی اور تمل ناڈو کے درمیان کھیلا گیا یہ مقابلہ ڈرا ہو گیا۔ تمل ناڈو نے پہلی اننگ کی سبقت کی بنیاد پر چوتھے دن ڈرا رہے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ ایچ میچ میں تین پوائنٹ حاصل کیے۔

سلامی بلے باز یَش دھل کے ناٹ آؤٹ 113 رن اور دوسرے سلامی بلے باز دھرو شورے کے ناٹ آؤٹ 107 رن سے دہلی نے دوسری اننگ میں 60.5 اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 228 رن بنائے اور اننگ کے خاتمہ کا اعلان کیا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں میچ ڈرا کرانے کے لیے راضی ہو گئیں۔ دھل نے سینئر کرکٹ میں قدم رکھتے ہوئے دہلی کی پہلی اننگ میں بھی 113 رن بنائے تھے۔ اتوار کے روز یَش دھل نے 202 گیندوں میں 14 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 113 رن بنائے، جب کہ شورے نے اپنی ناٹ آؤٹ اننگ کے لیے 165 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 13 چوکے شامل تھے۔


بہرحال، یَش دھل سے پہلے ایم کے پٹودی، سریندر کھنہ، مدن لال، اجے شرما، رمن لامبا اور رشبھ پنت سینئر کرکٹ کے اپنے پہلے ہی میچ کی دونوں اننگ میں سنچری بنا چکے ہیں۔ یَش دھل آئی پی ایل کی نیلامی میں بھی شامل ہوئے تھے جہاں انھیں دہلی کیپٹلز نے 50 لاکھ روپے میں خریدا۔ امید کی جا رہی ہے کہ دہلی انھیں آئندہ آئی پی ایل سیزن میں پلیئنگ الیون میں شامل کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔