رانچی ٹیسٹ: انگریز اسپنروں کے نام رہا دوسرا دن، بشیر نے حاصل کئے 4 وکٹ، ٹیم انڈیا کا اسکور 219/7

رانچی ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلش سپنرز کا دبدبہ رہا اور بشیر نے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، ہندوستان کا مجموعی اسکور 219 رنز ہے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آوازبیورو

رانچی: یشسوی جیسوال کی 73 رن کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو دن کا کھیل ختم ہونے تک سات وکٹوں پر 219 رن بنا لئے ہیں۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر دھرو جریل 30 اور کلدیپ یادو 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بشیر نے 35ویں اوور میں رجت پاٹیدار کو 17 رنز پر آؤٹ کیا۔ 37ویں اوور میں رویندرا جڈیجہ بھی 12 رنز پر بشیر کا شکار بنے۔ 47ویں اوور میں بشیر نے یشسوی جیسوال کو 73 رنز پر بولڈ کرکے انگلینڈ کو پانچویں کامیابی دلائی۔ سرفراز خان 14 رنز، آر ایشون ایک رن کو ہارٹلے نے پویلین بھیجا۔

انگلینڈ کی جانب سے اسپنر شعیب بشیر نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ ٹام ہارٹلے کو دو وکٹ ملے۔ جیمز اینڈرسن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ہندوستان نے دوسرے سیشن میں اپنے تین وکٹ بہت سستے میں گنوا دئے۔ دوسرے سیشن کے اختتام پر ہندوستان کا اسکور 38 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 131 تھا۔ اس سے قبل آج صبح دوسرے دن کا کھیل شروع ہونے کے بعد ہندوستان نے انگلینڈ کو 353 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد ہندوستان کے اوپنر بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے، جواب میں ہندوستان کو پہلا جھٹکا کپتان روہت شرما کی صورت میں لگا۔ انگلینڈ کے سب سے تجربہ کار تیز گیند باز جیمز اینڈرسن نے روہت کو صرف دو رنز کے ذاتی اسکور پر پویلین کا راستہ دکھایا۔


اس کے بعد یشسوی جیسوال اور شبمن گل نے اننگ کو سنبھالا اور دوسرے وکٹ کے لیے نصف سنچری کی شراکت داری کی۔ ہندوستان نے 18ویں اوور میں 50 رنز مکمل کیے۔ یہ پارٹنرشپ اچھی لگ رہی تھی لیکن شعیب بشیر نے آ کر شبمن گل کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرتے ہوئے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ گل 38 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ یشسوی جیسوال نے 89 ویں گیند پر ایک اور نصف سنچری اسکور کی۔

انگلینڈ کی پہلی اننگ میں مہمان ٹیم کو 353 رنز تک لے جانے میں جو روٹ نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ ہندوستان کی جانب سے رویندرا جڈیجہ نے 67 رنز کے عوض سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں، آکاش دیپ نے 83 رنز پر تین وکٹیں حاصل کیں۔ سراج کو دو اور اشون کے کھاتے میں ایک وکٹ آیا۔ جبکہ کلدیپ یادو کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔ قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے دن کا آغاز سات وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز سے کیا۔ دوسرے دن مہمان ٹیم اپنے کھاتے میں صرف 51 رنز کا اضافہ کر سکی۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔