پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب ملک کو ثانیہ اور بیٹے سے ملنے کی دی اجازت

کورونا وائرس کے سبب بین الاقوامی سفری پابندیوں کے پیش نظر پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا اور ان کے بیٹے ازہان مرزا ہندوستان جبکہ شعیب ملک سیالکوٹ میں مقیم ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اسلام : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے کھلاڑی شعیب ملک کو اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا اور بیٹے سے ملنے کی اجازت دے دی ہے۔ پی سی بی نے شعیب کو ثانیہ اور اس کے بیٹے سے ملنے کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔ پی سی بی نے شعیب کو انگلینڈ میں پاکستان کی تربیت کے پہلے چار ہفتوں سے استثنیٰ دے دیا ہے تاکہ وہ اپنے کنبہ سے مل سکیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے شعیب ہندوستان میں پانچ ماہ سے اپنی اہلیہ اور بیٹے سے نہیں مل سکے ہیں۔ کیونکہ کورونا کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں معطل ہیں۔ شعیب کے علاوہ پاکستان کے 28 دیگر کھلاڑی 28 جون کو انگلینڈ کے دورے پر روانہ ہوں گے جبکہ شعیب 24 جولائی کو اپنی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

کورونا وائرس کے سبب بین الاقوامی سفری پابندیوں کے پیش نظر پاکستانی کرکٹر کی اہلیہ ثانیہ مرزا اور ان کے بیٹے ازہان مرزا ہندوستان جبکہ شعیب ملک سیالکوٹ میں مقیم ہیں۔ سفری پابندیوں سے قبل شعیب ملک ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے میں مصروف تھے۔ 20 فروری کو شروع ہونے والا ایونٹ 17 مارچ کو التوا کا شکار ہوگیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمارے برعکس شعیب ملک اپنی پیشگی مصروفیات اور کورونا وائرس کے سبب سفری پابندیوں کے پیش نظر گزشتہ پانچ ماہ سے اپنے اہل خانہ کو نہیں دیکھ سکے۔


چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا چونکہ سفری پابندیوں میں آہستہ آہستہ نرمی واقع ہو رہی ہے جس سے اس خاندان کے دوبارہ یکجا ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے لہذا مناسب ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انسانی بنیادوں پر ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور شعیب ملک کی درخواست کا احترام کریں۔ وسیم خان نے کہا کہ ہم نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور وہ صورتحال کو سمجھتے ہیں اس حوالے سے انہوں نے شعیب ملک کو 24 جولائی کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں کہا کہ بلاشبہ شعیب ملک اسکواڈ کو جوائن کرنے سے قبل ملک میں داخلے سے متعلق برطانوی حکومت کی پالیسیوں پر عمل کریں گے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم ڈربی شائر روانگی سے قبل 28 جون کو مانچسٹر کے لیے روانہ ہوگی۔ ٹیم ڈربی شائر میں 14 روز تک قرنطینہ میں وقت گزارے گی اس دوران ٹیم کو ٹریننگ اور پریکٹس کرنے کی اجازت ہوگی۔ ٹریننگ اور پریکٹس کے علاوہ پریکٹس میچوں کی کمی کی تلافی کے لیے چند انٹرا اسکواڈ میچز کا انعقاد بھی کیا جائے گا کیونکہ ای سی بی کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز نہ ہونے کے سبب پاکستان کرکٹ ٹیم کو پریکٹس میچ کھیلنے کے لیے مقامی ٹیمیں دستیاب نہیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔