ہندوستان کے ساتھ میچ کھیلنے پر از سر نو غور کرنے کے لیے پاکستان راضی، آئی سی سی کی سخت کا اثر
پی سی بی نے اپنی حکومت کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے 15 فروری کو ہندوستان کے خلاف گروپ میچ کے لیے میدان میں نہیں اترنے کی بات کہی تھی، اور اسے غیر معمولی حالات کے تحت رکھا۔

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹی-20 عالمی کپ مقابلہ پر جاری تنازعہ کے درمیان ایک نئی خبر سامنے آ رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اب بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رسمی بات چیت کا مطالبہ کیا ہے۔ یعنی ابھی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کو پوری طرح سے ختم ماننا غلط ہوگا۔ پی سی بی نے پہلے آئی سی سی کو خط لکھ کر ہندوستان کے خلاف میچ سے ہٹنے کی بات ضرور کہی تھی، لیکن اب کچھ نرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو لکھے اپنے خط میں غیر معمولی حالات کا حوالہ دیا تھا اور اپنی حکومت کے سوشل میڈیا پوسٹ کو بھی بنیاد بنا کر ہندوستان کے ساتھ میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ اس کے جواب میں آئی سی سی نے سوال کیا کہ وہ غیر معمولی صورتحال کے تحت کن حالات کا حوالہ دے رہا ہے؟ ساتھ ہی آئی سی سی نے یہ بھی واضح کیا کہ میچ ہٹنے پر قانونی نتائج اور ممکنہ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اب تازہ خبر یہ ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے اس معاملہ کو سلجھانے کے لیے گفت و شنید کا راستہ اختیار کرنے کی پیش قدمی کی ہے، تاکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ پر پیدا تنازعہ کا حل نکالا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پورے معاملے میں اپنا رخ صاف کرتے ہوئے غیر جانبداری، اصولوں کی پاکیزگی اور بات چیت کو ترجیح دینے کی بات دہرائی ہے۔ آئی سی سی کا مقصد عالمی ٹورنامنٹ کے وقار کو برقرار رکھنا، کھلاڑیوں اور کرکٹ شیدائیوں کے مفادات کی حفاظت کرنا اور سبھی فیصلوں کی شفافیت یقینی بنانا ہے۔ بنگلہ دیش اور پاکستان سے جڑے تنازعہ کو سنبھالتے ہوئے آئی سی سی نے ٹکراؤ کی جگہ بات چیت کا راستہ منتخب کیا۔ آئی سی سی نے واضح کیا کہ کسی بھی رکن ملک کے ساتھ فیصلہ لیتے وقت اصولوں، سابقہ مثالوں اور ٹورنامنٹ کی سالمیت کو اعلیٰ ترجیح دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے اپنی آفیشیل پالیسی کے تحت واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی تنازعہ کو سلجھانے کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہے، لیکن اصولوں اور معاہدوں سے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کھیل کا مفاد کسی یکطرفہ فیصلہ سے بالاتر ہے اور مستقبل میں غلط مثال بننے سے روکنا بھی ضروری ہے۔ آئی سی سی کا رسمی جواب ملنے کے بعد پی سی بی نے اب بین الاقوامی ادارہ سے آگے کی بات چیت شروع کرنے کی پیش قدمی کی ہے۔ فی الحال آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان مناسب طریقے سے بات چیت جاری ہے، تاکہ اس تنازعہ کا حل نکالا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔