محمد اظہرالدین نے پھر اٹھایا وہ تاریخی بلّا جس سے بنا عالمی ریکارڈ اب تک نہیں ٹوٹا

مایہ ناز سابق بلے باز محمد اظہرالدین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’اس بلّے سے میں نے 85-1984 میں انگلینڈ کے خلاف اپنے پہلے تین ٹیسٹ میں سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے اپنے اس تاریخی بلّے کو ایک بار پھر اٹھایا جس سے انھوں نے ایک ایسا عالمی ریکارڈ بنایا تھا جو آج تک کسی نے نہیں توڑا۔ دراصل اس بلّے سے محمد اظہرالدین نے اپنے پہلے تین ٹیسٹ میچوں میں سنچری اسکور بنائی تھی۔ اظہر الدین ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایسے واحد بلے باز ہیں جنھوں نے پہلے تین ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنائی۔

اس تاریخی بلّے کو محمد اظہرالدین اب بھی اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں اور گزشتہ 22 مئی کو انھوں نے ایک بار پھر اس بلّے کو اٹھایا اور اس موقع کی تصویر اپنے ٹوئٹر پر شیئر کی۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ’’اس بلّے سے میں نے 85-1984 میں انگلینڈ کے خلاف اپنے پہلے تین ٹیسٹ میں سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ میں نے اس سیزن میں اس بلّے سے 800 سے زائد رن بنائے تھے اور اس (بلّے) کا انتخاب میرے دادا جی نے کیا تھا۔‘‘


واضح رہے کہ اپنی بہترین بلے بازی اور جادوئی کلائی کے لیے مشہور محمد اظہرالدین نے ہندوستان کے لیے 99 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں 47 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی۔ بہر حال، 58 سالہ محمد اظہرالدین نے تاریخی بلّے کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی کپ 1992 میں استعمال کی ہوئی اپنی جرسی کی تصویر بھی شیئر کی۔ تصویر میں نیلے رنگ کی جرسی وہ پہنے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور اس جرسی کے پیچھے انگریزی حروف میں اظہر لکھا ہوا ہے اور اس کے نیچے 8 نمبر درج ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔