مشیل اسٹارک کا بین الاقوامی ٹی-20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، ونڈے اور ٹیسٹ میچوں پر فوکس کا ارادہ
اسٹارک نے 2012 میں بین الاقوامی ٹی-20 کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا جبکہ 2024 میں ہندوستان کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلا۔ انہوں نے 65 بین الاقوامی ٹی-20 مقابلوں میں 79 وکٹ حاصل کیے۔

آسٹریلیا کے تیز گیندباز مشیل اسٹارک نے بین الاقوامی ٹی-20 کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ اسٹارک نے کرکٹ کے اس سب سے چھوٹے فارمیٹ میں آسٹریلیا کے لیے 65 میچ کھیلے۔ انہوں نے سال 2012 میں بین الاقوامی ٹی-20 کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا جبکہ اپنا آخری ٹی-20 میچ جون 2024 میں ہندوستان کے خلاف کھیلا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے ٹی-20 کرکٹ سے اسٹارک کے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اسٹارک یک روزہ کرکٹ پر زیادہ فوکس کرنا چاہتے ہیں اس لیے انہوں نے ٹی-20 کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دراصل اسٹارک کا ہدف 2027 کا ونڈے عالمی کپ کھیلنا ہے۔
حیرانی کی بات یہ ہے کہ مشیل اسٹارک نے ایسے وقت میں اس فارمیٹ کو الوداع کہا ہے جب کہ 2026 کے ٹی-20 عالمی کپ میں اب کچھ مہینے ہی باقی ہیں۔ کرکٹ شائقین انہیں اس ٹورنامنٹ میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے تھے۔ ویسے اسٹارک ٹیسٹ اور ونڈے میچوں کے علاوہ ڈومیسٹک ٹی-20 کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی وہ اپنا جلوہ دکھانا جاری رکھیں گے۔
اسٹارک ٹی-20 کرکٹ میں آسٹریلیا کے لیے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے تیز گیندباز تھے۔ انہوں نے اس فارمیٹ میں 79 وکٹ چٹکائے۔ ان سے زیادہ وکٹ اسپن گیندباز ایڈم زمپا نے لیے ہیں جو 130 شکار بنا کر اس فارمیٹ میں آسٹریلیا کے سب سے کامیاب گیندباز ہیں۔
مشیل اسٹارک کے لیے ٹی-20 کرکٹ کی سب سے بڑی ہائی لائٹ 2021 کا ٹی-20 عالمی کپ تھا، جسے آسٹریلیائی ٹیم نے جیتا تھا۔ اسٹارک نے اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر کہا، ’’ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ سے میری اولین ترجیح رہی ہے۔ میں نے آسٹریلیا کے لیے کھیلے گئے ہر ٹی-20 میچ کے ہر منٹ کا لطف اٹھایا، خاص کر 2021 کے عالمی کپ میں، صرف اس لیے نہیں کہ ہم جیتے بلکہ اس لیے بھی کہ ہم ایک مضبوط گروپ میں تھے اور اس دوران کھیلنے کا بہت مزہ آیا۔ 2027 میں ہونے والے ہندوستان کے ٹیسٹ دورے، ایشیز اور ونڈے میچوں کے عالمی کپ کو دیکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ ان مقابلوں کے لیے تروتازہ، فٹ اور اپنا بہترین مظاہرہ کرنے کے لیے یہی میرا سب سے اچھا طریقہ ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔