ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے مہندر سنگھ دھونی!

بی سی سی آئی کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ بورڈ دھونی کے لیے فیئر ویل میچ کرانا چاہتا ہے اور چونکہ فی الحال کوئی بین الاقوامی سیریز نہیں کھیلی جانے والی اس لیے فیئر ویل میچ کرانا ممکن ہے۔

مہندر سنگھ دھونی
مہندر سنگھ دھونی
user

تنویر

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، لیکن قوی امید ہے کہ وہ بہت جلد میدان پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ یہ امید اس لیے ظاہر کی جا رہی ہے کیونکہ بی سی سی آئی چاہتا ہے کہ مہندر سنگھ دھونی 'فیئر ویل' یعنی وداعی میچ کھیلیں۔ دراصل 15 اگست کو جب دھونی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تبھی سے ان کے چاہنے والوں کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے کئی معروف ہستیوں نے بھی اس عظیم کھلاڑی کے لیے فیئر ویل میچ کا مطالبہ کیا اور بی سی سی آئی اس سلسلے میں سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے سب سے پہلے دھونی کے لیے فیئر میچ کرائے جانے کا مطالبہ بی سی سی آئی سے کیا تھا اور ساتھ ہی کہا تھا کہ اس میچ کی میزبانی کرنے کے لیے جھارکھنڈ تیار ہے۔ اب بی سی سی آئی کے ایک افسر نے کہا ہے کہ بورڈ آئندہ آئی پی ایل کے دوران اس سلسلے میں دھونی سے بات کرے گا اور پھر اسی کے مطابق آگے کا پروگرام طے کیا جائے گا۔


ہندی نیوز پورٹل 'پربھات خبر' پر اس سلسلے میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ بی سی سی آئی دھونی کے لیے فیئر ویل میچ کرانا چاہتا ہے اور چونکہ فی الحال کوئی بین الاقوامی سیریز نہیں کھیلی جانے والی ہے اس لیے فیئر ویل میچ کرانا ممکن ہے۔ بی سی سی آئی افسر کے حوالہ سے یہ بات بھی سامنے آ رہی ہے کہ دھونی مانیں یا نہ مانیں لیکن ان کے لیے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد تو ضرور ہوگا۔

واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر مدن لال نے بھی دھونی کے لیے ایک فیئر ویل میچ کرائے جانے کی حمایت کی تھی۔ مدن لال نے تو یہاں تک کہا تھا کہ "مجھے سچ میں خوشی ہوگی اگر بی سی سی آئی دھونی کے لیے میچ کا انعقاد کرتا ہے۔" اسی طرح کرکٹ کی کئی دیگر ہستیوں نے بھی دھونی کو الوداعی میچ کھلانے کی حمایت کی ہے اور دھونی کے کئی چاہنے والوں نے تو بی سی سی آئی سے یہاں تک مطالبہ کیا ہے کہ انھیں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے رضامند کیا جائے کیونکہ ان میں کافی کرکٹ باقی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔