دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن انگلش گیندبازوں کو جیسوال نے کیا بے حال، ہندوستان کا اسکور 336/6

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہندوستان نے کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹ کے نقصان پر 336 رن بنا لیے ہیں، یشسوی جیسوال 179 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں، ریحان اور بشیر نے 2-2 وکٹ لیے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>یشسوی جیسوال، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

یشسوی جیسوال، تصویر@BCCI

user

تنویر

ہندوستان اور انگلینڈ کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ آج سے شروع ہو گیا اور پہلے دن ہندوستان نے مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے 6 وکٹ کے نقصان پر 336 رن بنا لیے اور یشسوی جیسوال 179 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ یعنی دوسرے دن کا کھیل جب شروع ہوگا تو سبھی جیسوال سے ڈبل سنچری کی امید لگائے ہوں گے۔

آج ٹاس ہندوستانی کپتان روہت شرما نے جیتا تھا اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے پہلے وکٹ کے لیے 40 رنوں کی بہترین شراکت داری بھی کر لی تھی، لیکن تبھی کپتان روہت شرما شعیب بشیر کی ایک گیند پر لیگ سلپ میں آسان کیچ دے بیٹھے۔ انھوں نے 41 گیندوں پر 14 رنوں کا تعاون کیا۔ اس کے بعد جیسوال اور شبھمن گل (46 گیندوں پر 34 رن) کے درمیان 49 رنوں کی، جیسوال اور شریئس ایر (59 گیندوں پر 27 رن) کے درمیان 90 رنوں کی، جیسوال اور رجت پاٹیدار (72 گیندوں پر 32 رن) کے درمیان 70 رنوں کی، جیسوال اور اکشر پٹیل (51 گیندوں پر 27 رن) کے درمیان 52 رنوں کی، جیسوال اور سریکر بھرت (23 گیندوں پر 17 رن) کے درمیان 29 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ یعنی ایک کنارے پر یشسوی جیسوال بہترین بلے بازی کرتے رہے، اور دوسرے کنارے پر باقی بلے باز اچھی شروعات ملنے کے باوجود پویلین لوٹتے رہے۔


آج کا کھیل ختم ہونے پر جہاں یشسوی جیسوال 257 گیندوں پر 179 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، وہیں دوسرا کوئی بھی بلے باز 35 رن بھی نہیں بنا سکا۔ یشسوی نے اپنی اس اننگ کے دوران 5 چھکے اور 17 چوکے لگائے ہیں۔ ان کے ساتھ روی چندرن اشون ناٹ آؤٹ لوٹے جنھوں نے 10 گیندوں پر 5 رن بنائے ہیں۔ ہندوستان نے آج 93 اوور بلے بازی کی اور 6 وکٹ کے نقصان پر 336 رن بنا کر مضبوط حالت میں ہے۔

انگلینڈ کی گیندبازی پر بات کریں تو جو روٹ (14 اوورس میں 71 رن) کو چھوڑ کر سبھی گیندباز وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ شعیب بشیر نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں اسپن کا جادو دکھایا۔ انھوں نے 28 اوورس میں 100 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے ہیں اور اس میں پہلا وکٹ روہت شرما کا تھا۔ ریحان احمد کو بھی 2 وکٹ حاصل ہوئے جنھوں نے 16 اوورس میں 61 رن دیے ہیں۔ ایک وکٹ ٹام ہارٹلی (18 اوورس میں 74 رن) اور ایک وکٹ جیمس اینڈرسن (17 اوورس میں 30 رن) کو ملا۔ انگلینڈ کی طرف سے جیمس اینڈرسن سب سے کفایتی گیندباز بھی رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔