جڈیجہ کا آخری اوور میں دھماکہ، چنئی نے بنگلور کو دی شکست

جڈیجہ نے اننگ کے آخری اوورمیں ہرشل پٹیل کی گیندوں پر پانچ چھکے سمیت 37 رن بنا ڈالے اور ایک اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کے کرس گیل کے 2011 کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔

رویندرجڈیجہ، تصویر یو این آئی
رویندرجڈیجہ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ممبئی: آل راونڈر رویندرجڈیجہ (ناٹ آوٹ 62، 13 رن پر تین وکٹ اور ایک رن آوٹ) کے آل راونڈر کھیل کی بدولت چنئی سپرکنگز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو آئی پی ایل مقابلے میں اتوار کو 69 رن سے شکست دے دی اور پوائنٹ ٹیبل میں پہلے مقام پر پہنچ گئی۔ چنئی نے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ پر 191 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور بنگلور کو 20 اوور میں نو وکٹ پر 122 رن پر روک کر بنگلور کو پانچ میچوں میں پہلی شکست جھیلنے کے لئے مجبور کر دیا۔ جڈیجہ نے اننگ کے آخری اوورمیں ہرشل پٹیل کی گیندوں پر پانچ چھکے سمیت 37 رن بنا ڈالے اور ایک اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کے کرس گیل کے 2011 کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔

جڈیجہ نے پھر گیند بازی میں اپنے ہاتھ دکھاتے ہوئے واشنگٹن سندر (7) کو ریتوراج گائیکواڈ کے ہاتھوں کیچ کرایا اور پھر گلین میکسویل (22) اور اے بی ڈیویلئرس(4) کو بولڈ کر دیا۔ جڈیجہ نے ڈینئل کرسٹین (1) کو رن آوٹ کر دیا۔ چنئی کی اننگ میں فاف ڈو پلیسس نے 41 گیندوں پر 50 رن میں پانچ چوکے اورایک چھکا لگایا۔ ریتوراج گائیکواڈ نے 25 گیندوں پر 33 رن میں چارچوکے اور ایک چھکا لگایا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز سریش رینا نے 18 گیندوں پر 24 رن میں ایک چوکا اور تین چھکے لگائے۔


امباتی رائیڈو نے سات گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ 19 اوور ختم ہونے کے بعد چنئی کا اسکور چار وکٹ پر 154 رن تھا۔ جڈیجہ نے پہلی چارگیندوں پر چار چھکے لگائے اوراس کے ساتھ ہی اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ اس اوور کی تیسری گیند نوبال تھی۔ جڈیجہ نے پانچویں گیند پر چھکا اور آخری گیند پر چوکا لگاکر 10 سال پرانے کرس گیل کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔

پٹیل نے 14 ویں اوور میں رینا اورڈوپلیسس کے وکٹ تین گیندوں کے وقفے میں نکالے۔ انہوں نے 18 ویں اوور میں رائیڈو کا وکٹ بھی لیا۔ پٹیل نے چار اوور میں 51 رن پر تین وکٹ لئے جبکہ یزویندر چہل نے تین اوور میں 24 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔ بڑے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے بنگلور نے کپتان وراٹ کوہلی کو44 رن پرگنوایا۔ وراٹ نے آٹھ رن بنائے اور سیم کرین کی گیند پر وکٹ کیپر مہیندرسنگھ دھونی کو کیچ تھما بیٹھے۔ دیودت پڈیکل 15 گیندوں میں چارچوکوں اوردوچھکوں کی مدد سے 34 رن بناکر اگلے اوورمیں شاردل ٹھاکر کی گیندپر سریش رینا کو کیچ دے دیا۔


واشنگٹن سندر 11 گیندوں میں سات رن بناکر جڈیجہ کی گیند پر گائیکواڈ کو کیچ دے دیا۔ آل راونڈر گلین میکسویل نے 15 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 22 رن بنائے لیکن جڈیجہ کی ایک بہترین گیند پر بولڈ ہوگئے۔ جڈیجہ نے پھر ڈویلیئرس کو بولڈ کر دیا۔ جڈیجہ نے اس کے بعد ڈینئل کرسٹین کو سیدھے تھرو سے رن آوٹ کر دیا۔

کائل جیمسن 13 گیندوں میں ایک چوکا اورایک چھکاکی مدد سے 16 رن بناکر عمران طاہر کے تھروپر رن آوٹ ہوئے۔ طاہر نے پرشل پٹیل کو بولڈ کیا۔ پٹیل کا کھاتا نہیں کھلا۔ ہزویندرچہل نے ناٹ آوٹ آٹھ اور محمدسراج نے ناٹ آوٹ 12 رن بناکر بنگلور کو آل آوٹ ہونے سے بچایا۔ چنئی کی جانب سے جڈیجہ نے 13 رن پر تین وکٹ، طاہر نے 16 رن پر دو وکٹ، کرین نے 35 رن پر ایک وکٹ اور ٹھاکر نے 11 رن پر ایک وکٹ لیا۔ جڈیجہ کو ان کے آل راونڈر کھیل کی وجہ سے مین آف دی میچ کا انعام ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔