آئی پی ایل 2025: کولکاتا نے یکطرفہ مقابلے میں حیدر آباد کو 80 رنوں سے دی شکست، ویبھو اروڑا پلیئر آف دی میچ

پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کولکاتا نے 20 اوورس میں 200 رن بنائے تھے۔ جواب میں حیدر آباد کی ٹیم 16.4 اوورس میں محض 120 رن ہی بنا سکی۔

<div class="paragraphs"><p>وکٹ لینے کے بعد جشن مناتے ہوئے ویبھو اروڑا، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/IPL">@IPL</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

شاہ رخ خان کی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے آج آئی پی ایل 2025 کے پندرہویں مقابلے میں 80 رنوں سے یکطرفہ جیت حاصل کر لی۔ کولکاتا کی ٹیم کے آگے سنرائزرس حیدر آباد کی ایک نہ چلی اور وہ تاش کے پتوں کی طرح ڈھیر ہو گئی۔ کولکاتا نے 4 میچوں میں یہ دوسری جیت درج کی ہے، اور حیدر آباد کے خلاف تو اس کی یہ لگاتار چوتھی فتح ہے۔

پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کولکاتا نے 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 200 رن بنائے تھے۔ ونکٹیش ایئر نے محض 29 گیندوں پر 60 رنوں کی اننگ کھیلی، جبکہ انگکرش رگھوونشی نے 32 گیندوں پر 50 رن بنائے۔ کپتان اجنکیا رہانے نے 27 گیندوں میں 38 اور رنکو سنگھ نے 17 گیندوں پر تیز طرار ناٹ آؤٹ 32 رنوں کا تعاون کیا۔ جواب میں سنرائزرس حیدر آباد کی پوری ٹیم 16.4 اوورس میں محض 120 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔


کولکاتا کی جیت میں بلے بازی کا تو ہاتھ رہا ہی، لیکن گیندبازوں نے صحیح معنوں میں ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔ تیز گیندباز ویبھو اروڑا نے 4 اوورس میں 29 رن دے کر 3 اہم کھلاڑیوں (ٹریوس ہیڈ، ایشان کشن اور ہنرک کلاسین) کو آؤٹ کیا۔ اس کارکردگی کے لیے ویبھو کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ورون چکرورتی نے بھی 4 اوورس میں 22 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ آندرے رسل کو 2 اور سنیل نرائن و ہرشت رانا کو 1-1 وکٹ حاصل ہوا۔

حیدر آباد کی بلے بازی کو انتہائی مضبوط تصور کیا جاتا ہے، اس لیے 200 کا اسکور پار کرنا کوئی مشکل نہیں تھا۔ لیکن کچھ میچوں سے اس کی بلے بازی ہی اس کی کمزوری نظر آ رہی ہے۔ ٹریوس ہیڈ آج محض 4 رن بنا سکے، اور ابھشیک شرما نے تو 2 ہی رن بنائے۔ ایشان کشن (2 رن) کا بھی حال کچھ ایسا ہی رہا۔ نتیش ریڈی نے 19 رنوں کی اور کمنڈو مینڈس نے 27 رنوں کی اننگ کھیلی، لیکن سب سے زیادہ 33 رن ہنرک کلاسین نے بنائے۔ ظاہر ہے، ان رنوں کی بدولت 201 رنوں کا ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں تھا۔ حد تو یہ ہے کہ ٹیم پورے 20 اوورس بھی نہیں کھیل سکی۔


بہرحال، آج ملی جیت کے بعد کولکاتا نے 5 ٹیموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل میں زبردست واپسی کی ہے۔ یہ ٹیم دسویں مقام سے سیدھے پانچویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف حیدر آباد کی ٹیم 4 میچوں میں محض ایک جیت کے ساتھ سب سے نیچے دسویں مقام پر چلی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔