آئی پی ایل 2020: کھلاڑیوں کی دستبرداری کا سلسلہ جاری، ہربھجن نے بھی کیا کنارہ

ہربھجن اگست کے شروع میں چنئی کی ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات نہیں گئے تھے۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں ٹیم میں شامل ہوں گے لیکن اب آئی پی ایل سے باہر ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: چنئی سپر کنگز کے تجربہ کار ہندوستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ ہربھجن اور چنئی ٹیم نے جمعہ کو ٹویٹ کیا اور آئی پی ایل سے انخلا کی تصدیق کی۔ آئی پی ایل کا انعقاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 19 ستمبر سے 10 نومبر تک ہونا ہے لیکن ابھی تک ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ہربھجن اگست کے شروع میں چنئی کی ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات نہیں گئے تھے۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں ٹیم میں شامل ہوں گے لیکن ہربھجن ابھی تک ٹیم میں شامل نہیں ہوئے تھے اور اب انہوں نے آئی پی ایل سے باہر ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ ہربھجن نے ٹویٹ کیا کہ"عزیز دوستو ، میں ذاتی وجوہات کی بناء پر اس بار آئی پی ایل نہیں کھیل سکوں گا۔ یہ وقت بہت مشکل ہے اور میں خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ چنئی سپر کنگز کا نظم و نسق ہمیشہ سے معاون رہا ہے اور میں ان سب کو آئی پی ایل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ سلامت رہو ، جئے ہند۔"


چنئی سپرکنگ نے بھی ٹویٹ کیا کہ ہربھجن نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل میں حصہ نہیں لیں گے۔ چنئی کی ٹیم ان کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور ایسے مشکل وقت میں ہربھجن اور اس کے کنبہ کے ساتھ کھڑی ہے۔40 سالہ ہربھجن آل راؤنڈر سریش رینا کے بعد چنئی کے دوسرے بڑے کھلاڑی ہیں جو رواں سال آئی پی ایل میں نظر نہیں آئیں گے۔ چنئی کے لئے آئی پی ایل شروع ہونے سے قبل دو اہم کھلاڑیوں سے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کرنا چنئی کے لئے مسئلہ بن سکتا ہے۔ ہربھجن ایسے تیسرے بڑے کھلاڑی ہیں جو ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ رینا اور ہربھجن کے علاوہ دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینز کے فاسٹ بولر سری لنکا کے لست ملنگا بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

ہربھجن سے قبل رینا بھی ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات پہنچنے کے کچھ دن بعد ہی وطن لوٹ گئے تھے۔ ہربھجن 16 سے 20 اگست تک چنئی میں چھ روزہ کیمپ میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ جمعہ کو ٹیم کے سی ای او کاشی وشوناتھن نے بتایا تھا کہ ہربھجن ستمبر کے پہلے ہفتے میں ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔ لیکن ہربھجن اب آئی پی ایل سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔


ہربھجن کی آئی پی ایل سے دستبرداری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چنئی سپر کنگز کا قرنطین کا دور ختم ہوگیا ہے اور ٹیم اپنے ممبروں کے ٹیسٹ منفی ہونے کے بعد جمعہ سے ہی تربیت کا آغاز کرے گی۔ چنئی کی ٹیم تربیت کا آغاز کرے گی جس میں گذشتہ ہفتے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے 13 ممبران کو چھوڑ دیا جائے گا۔ ان 13 ممبروں میں دو ہندوستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں اور یہ سب 14 دن کے لئے قرنطین کے ایک الگ ہوٹل میں مقیم ہیں۔ کورونا ٹیسٹ ان ممبروں کے قرنطین کی مدت پوری ہونے پر کیا جائے گا۔

ہربھجن آئی پی ایل میں 160 میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل میں 26.45 کی اوسط سے 150 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 138.17 کی اسٹرائک ریٹ سے 829 رنز بنائے ہیں جس میں نصف سنچری بھی شامل ہے۔ ہربھجن چنئی سے پہلے ممبئی انڈینز ٹیم کے لئے کھیلتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔