چمپئنز ٹرافی 2025 میں ہندوستان کا فاتحانہ آغاز، محمد شامی کے پنجہ اور شبھمن گل کی سنچری نے بنگلہ دیش کو کیا پست
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پوری ٹیم 49.4 اوورس میں 228 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی، ہندوستان نے ضروری ہدف 4 وکٹ کے نقصان پر 47ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

’چمپئنز ٹرافی 2025‘ کا آغاز پاکستان کے لیے شکست کے ساتھ ہوا، لیکن ہندوستان نے اس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ آج روہت بریگیڈ نے بنگلہ دیش کو بہ آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت میں محمد شامی کے پنجہ اور شبھمن گل کی سنچری کا اہم تعاون رہا۔ حالانکہ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی پچ بلے بازوں کے لیے بہت پریشان کرنے والی ثابت ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کو بھی جیت 47ویں اوور میں حاصل ہوئی۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پوری ٹیم 49.4 اوورس میں 228 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ہندوستان نے ضروری ہدف 4 وکٹ کے نقصان پر 47ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ شبھمن گل کی ناٹ آؤٹ 101 رنوں کی اننگ نے ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ لیکن اس سے قبل محمد شامی نے 5 بنگلہ دیشی بلے بازوں کو پویلین بھیج کر انھیں بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔ حقیقی معنوں میں شامی کی بہترین گیندبازی نے ہندوستانی بلے بازوں کو بہت راحت پہنچائی۔
بنگلہ دیش کی بلے بازی جب شروع ہوئی تو 2 اوورس میں ہی 2 رنوں پر 2 وکٹ گر گئے۔ پھر 9ویں اوورس تک 35 رن پر ہی ٹیم کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ ان 5 وکٹوں میں سے 2 وکٹ محمد شامی کے حصے میں آئے۔ نویں اوور میں اکشر پٹیل نے لگاتار 2 گیندوں پر 2 وکٹ لے کر بنگلہ دیش کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ اگر روہت شرما نے ذاکر علی کا سلپ میں آسان کیچ نہیں چھوڑا ہوتا تو اکشر ہیٹ ٹرک بنانے میں کامیاب ہو جاتے۔اس کیچ ڈراپ کا خمیازہ ہندوستان کو بھگتنا پڑا اور ذاکر علی نے 68 رن بنا ڈالے۔ ذاکر نے توحید ہردوئے (100 رن) کے ساتھ مل کر چھٹے وکٹ کے لیے 154 رنوں کی شاندار شراکت داری کی۔ ایک موقع توحید ہردوئے کی بھی اس وقت ملا جب وہ 23 رنوں پر کھیل رہے تھے اور ہاردک پانڈیا نے آسان کیچ چھوڑ دیا۔ محمد شامی نے اس شراکت داری کو توڑا اور ذاکر علی کو آؤٹ کیا۔ اس وکٹ کو لینے کے ساتھ محمد شامی نے یک روزہ کرکٹ میں اپنے 200 وکٹ بھی پورے کیے۔ اس کے بعد محمد شامی نے مزید 2 وکٹ اپنے نام کیے۔ ہرشت رانا نے 7.4 اوورس میں 31 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ اکشر پٹیل نے 9 اوورس میں 43 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ کلدیپ یادو، رویندر جڈیجہ اور ہاردک پانڈیا کے حصے میں ایک بھی وکٹ نہیں آیا۔
ہندوستانی ٹیم کی جب بلے بازی شروع ہوئی تو ابتدائی اوورس میں کچھ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ایک بار جب کپتان روہت شرما نے اپنا رنگ دکھایا تو حالات اچانک بدل گئے۔ روہت شرما نے ایک بار پھر 36 گیندوں پر 41 رن بنا کر ٹیم کو تیز شروعات دے دی۔ پہلا وکٹ 69 رن کے اسکور پر گرا، اور پھر اس کے بعد شبھمن گل کا ساتھ دینے وراٹ کوہلی آئے، لیکن وہ بہت زیادہ دیر تک میدان پر نہیں رہ سکے۔ کوہلی 22 رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شریئس ایئر بھی کچھ خاص نہیں کر سکے۔ انھوں نے 17 گیندوں پر 15 رنوں کا تعاون کیا۔ اکشر پٹیل بھی محض 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد شبھمن کا ساتھ دینے کے ایل راہل آئے اور دونوں نے ہندوستان کو جیت دلا کر ہی دم لیا۔ شبھمن نے ناٹ آؤٹ 101 رن (129 گیندوں پر) اور راہل نے ناٹ آؤٹ 41 رن (47 گیندوں پر) بنائے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے رشاد حسین نے 2 وکٹ، جبکہ تسکین احمد اور مستفیض الرحمن نے 1-1 وکٹ لیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔