ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ہندوستان کی شرمناک شکست، آسٹریلیا نے 10 وکٹ سے جیت حاصل کرکے سیریز میں کی واپسی
ٹیسٹ کے تیسرے دن ٹیم انڈیا کی دوسری اننگز 175 رنوں پر ہی سمٹ گئی۔ کمنس، بولینڈ اور اسٹارک کے سامنے ہندوستانی بلے بازوں نے گھٹنے ٹیک دیے. نتیش ریڈی کے علاوہ کسی بلے باز نے ہمت نہیں دکھائی۔

تصویر 'ایکس'
پرتھ میں شاندار مظاہرہ کرکے تاریخی جیت حاصل کرنے والی ٹیم انڈیا کو پنک بال سے کھیلے گئے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن ہی ہندوستان کو بڑی آسانی سے 10 وکٹ سے ہرا دیا ہے۔ ہندوستان نے دوسری اننگز میں بھی خراب بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 19 رنوں کا ہدف دیا، جسے آسٹریلیا نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔ اس طرح 5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گاوسکر سیریز 1-1 کی برابری پر آگئی ہے اور اب اگلا مقابلہ 14 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔
کھیل کے دوسرے دن کی طرح تیسرے دن بھی ہندوستانی بلے بازوں نے شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دوسری پاری میں پوری ٹیم محض 175 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس سے پہلے ٹیم پہلی اننگز میں بھی صرف 180 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 337 رن بنائے تھے جس میں ٹریوس ہیڈ کی جارحانہ سنچری شامل تھی۔ اس طرح آسٹریلیا کو 157 رنوں کی سبقت حاصل ہوئی جو آخر میں فیصلہ کن ثابت ہوئی اور ٹیم انڈیا اس سے صرف کچھ رن ہی آگے بڑھ سکی۔
157 رنوں سے پیچھے چل رہی ٹیم انڈیا کی دوسری اننگز کی شروعات خراب رہی اور صرف 12 رنوں کے اسکور پر ہی کے ایل راہل (7) نے اپنا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد وقفہ وقفہ پر وکٹ گرتے رہے جس میں جیسوال 24 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کوہلی صرف 11 رن ہی بنا سکے۔ اس کے علاوہ شبھمن گل نے 28 تو روہت شرما نے صرف 6 رن بناکر ایک بار پھر اپنی ناکامی ثابت کر دی۔ اس طرح دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ٹیم انڈیا نے اپنے 5 وکٹ گنوا دیے تھے۔
آج تیسرے دن پہلے ہی اوور میں ہندوستان کو زبردست جھٹکا لگا اور رشبھ پنت مشیل اسٹارک کی گیند پر پہلی سلپ میں اسٹیو اسمتھ کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 28 رن بنائے۔ اس کے بعد پیٹ کمنس نے دو مزید جھٹکے دیتے ہوئے ہندوستانی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔ اشون (7) اور ہرشت رانا (0) کمنس کے شکار بنے۔ وہیں دوسری طرف بلے بازی کر رہے نتیش ریڈی نے ایک بار پھر اچھی بلے بازی کرتے ہوئے کچھ جارحانہ شاٹس لگائے اور کمنس کی گیند پر آؤٹ ہونے سے پہلے 47 گیندوں میں 6 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے 42 رن بنائے جو اس اننگز میں کسی بھی ہندوستانی بلے باز کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ آسٹریلیا کی طرف سے پیٹ کمنس نے سب سے زیادہ 5 وکٹ لیے جبکہ اسکاٹ بولینڈ کو 3 اور مشیل اسٹارک کو 2 وکٹ لینے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ دوسری اننگز میں ٹیم انڈیا نے صرف 175 رن بنائے اور آسٹریلیا کو صرف 19 رنوں کا ہدف دیا جسے اس نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے ہوئے عبور کر لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔