اندور ٹیسٹ: 109 رنوں پر سمٹی ٹیم انڈیا کی پہلی اننگ، آسٹریلوی اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے بلے باز

ہندوستان نے ٹاس جیت کر خشک پچ پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے بعد جو ہوا وہ حیران کن تھا۔ پچ گیند کو بھاری ٹرن اور غیر مساوی اچھال دے رہی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر / @ICC</p></div>

تصویر ٹوئٹر / @ICC

user

قومی آوازبیورو

اندور: اندور میں کھیلے جا رہے بارڈر گواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم کی حالت خراب ہے۔ ٹیم انڈیا کی پہلی اننگ محض 109 پر سمٹ گئی۔ کوئی بھی ہندوستانی بلے باز ٹرن اور ناہموار اچھال کے ساتھ پچ پر ڈٹ کر کھڑا نہیں رہ سکا۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر خشک پچ پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے بعد جو ہوا وہ حیران کن تھا۔ پچ گیند کو بھاری ٹرن اور غیر مساوی اچھال دے رہی تھی۔ اسپنرز میدان پر اس قدر حاوی تھے کہ محض 45 رن پر نصف میزبان ٹیم واپس لوٹ چکی تھی۔ لنچ تک ہندوستان نے مزید 84 رنوں پر 7 وکٹیں گنوا دی تھیں اور اس کے بعد 109 رن پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کی شاندار گیندبازی کے سامنے ٹیم انڈیا کچھ نہ کر سکی اور 109 رن کا اسکور بھی بمشکل ہی بن سکا۔ ہندوستان کی جانب سے اس اننگ میں سب سے زیادہ اسکور وراٹ کوہلی نے کیا انہوں نے 22 بنائے۔ آخر میں اومیش یادو نے 17 رن بنا کر ٹیم انڈیا کو 100 رن کے پار پہنچنے میں مدد کی۔


خیال رہے کہ ٹیم انڈیا نے 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں پہلے ہی 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ یہ ٹیسٹ جیت کر ہندوستانی ٹیم سیریز جیتنا چاہے گی۔ اس کے ساتھ ہی اس میچ کو جیتنے پر ٹیم انڈیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

قبل ازیں، ہندوستانی ٹیم نے بدھ کو یہاں بارڈر-گواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس کے بعد کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، کے ایل راہل اور محمد شامی کی جگہ شبھمن گل اور اومیش یادیو کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔


وہیں، آسٹریلیا کے اسٹینڈ ان کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ کھلاڑیوں کو طویل عرصے تک اپنے منصوبوں پر قائم رہنے کی ضرورت ہے جہاں ہم نے دہلی میں دوسری اننگ میں غلطی کو دہرایا اور امید ہے کہ یہ غلطی دوبارہ نہیں ہوگی۔ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پیٹ کمنز اور ڈیوڈ وارنر کی جگہ مچل اسٹارک اور کیمرون گرین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔