انگلینڈ میں تاریخ رقم: ہندوستانی خواتین کا ٹی-20 کے بعد ون ڈے سیریز پر بھی قبضہ، ہرمن کی شاندار سنچری
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں پہلی بار ٹی-20 اور ون ڈے دونوں سیریز جیت کر تاریخ رقم کی۔ ہرمن پریت کی سنچری اور کرانتی کے 6 وکٹوں نے 13 رن سے فتح دلائی

Getty Images
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک ہی دورے پر محدود اوورز کی دونوں سیریز جیت لی ہیں۔ ٹیم انڈیا نے چیسٹر-لے-اسٹریٹ میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں انگلینڈ کو 13 رن سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ اس سے قبل وہ ٹی-20 سیریز بھی 3-2 سے جیت چکی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی خواتین نے انگلینڈ میں دونوں سیریز جیتی ہوں۔ اس سے قبل ہندوستان نے جنوبی افریقہ (2018)، سری لنکا (2018، 2022) اور ویسٹ انڈیز (2019) کے خلاف بھی ایک ہی دورے پر دونوں سیریز جیتی تھیں لیکن انگلینڈ کی سرزمین پر یہ کارنامہ پہلی بار انجام پایا ہے۔
تیسرے ون ڈے میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔ ٹیم نے کپتان ہرمنپریت کور کے شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹ پر 318 رنز بنائے۔ اوپنر پرتیکا راؤل اور اسمرتی مندھانا نے ٹیم کو 64 رنز کی شراکت سے شروعات دلائی۔ پرتیکا نے 26 اور مندھانا نے 45 رن بنائے۔
اس کے بعد ہرمنپریت نے پہلے ہرلین دیول (45 رن، 65 گیند) کے ساتھ 81 رن اور پھر جیمائمہ روڈریگز (50) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 110 رنز کی شراکت کی۔ ہرمن نے 84 گیندوں میں 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی طرف سے پانچ مختلف گیند بازوں نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جن میں بیل، فائلر، ڈین، ایکلسٹون اور لِنسی شامل ہیں۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 49.5 اوورز میں 305 رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ آغاز میں ہی دونوں اوپنر آؤٹ ہو گئے، لیکن ایما لیمب (68) اور کپتان نٹالیا برنٹ (98) نے 162 رن کی شراکت کر کے میچ میں جان ڈال دی۔ تاہم دیگر بلے باز ٹیم کو جیت کی دہلیز تک نہ لے جا سکیں۔
ہندوستان کی طرف سے کرانتی گوڑ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 52 گیندوں میں 6 وکٹ لیے۔ شری چرنی نے 2 اور دیپتی شرما نے 1 وکٹ حاصل کی۔ یہ جیت نہ صرف سیریز کا فیصلہ کن لمحہ بنی بلکہ ہندوستانی خواتین کی عالمی ساکھ کو بھی مضبوطی عطا کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔