انگلینڈ کے خلاف ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، 14 ماہ بعد محمد شامی کی واپسی، شبھمن-پنت کو ملا آرام

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹی-20 سیریز 22 جنوری سے شروع ہونے والی ہے، ہندوستانی ٹیم کی کپتانی سوریہ کمار یادو کے ہاتھوں میں ہے جبکہ اکشر پٹیل کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔

محمد شامی، تصویر آئی اے این ایس
محمد شامی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بی سی سی آئی نے 22 جنوری سے ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان میں سب سے بڑی خبر یہ ہے کہ محمد شامی کی 14 ماہ بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ہندوستانی ٹیم سوریہ کمار یادو کی کپتانی میں یہ سیریز کھیلے گی اور اکشر پٹیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سنجو سیمسن، ابھشیک شرما، تلک ورما اور ورون چکروتی کو بھی ہندوستانی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ محمد شامی کے ساتھ ہرشت رانا اور عرشدیپ سنگھ ہندوستان کی تیز گیندبازی کا ذمہ سنبھالتے ہوئے نظر آئیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹی-20 سیریز کھیلی جائے گی۔ بی سی سی آئی نے ہفتہ کی شب صرف ٹی-20 کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی 3 یک روزہ میچوں کی سیریز اور چمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ محمد شامی کے لیے انگلینڈ کے خلاف ٹی-20 سیریز بہت اہم ثابت ہونے والی ہے، کیونکہ وہ چوٹ کے بعد کئی ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے دکھائی دیں گے۔ ان کی کارکردگی پر سبھی کی نظر رہے گی، کیونکہ چمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم میں ان کا انتخاب بہت حد تک اس پر منحصر ہوگا۔


ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کی بات کریں تو اسپن گیندباز ورون چکرورتی اور روی بشنوئی کو موقع ملا ہے۔ واشنگٹن سندر بھی ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔ علاوہ ازیں رنکو سنگھ بھی ہندوستانی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ بی سی سی آئی نے شبھمن گل اور رشبھ پنت کو آرام دیا ہے۔ یہ دونوں ہی کھلاڑی ٹی-20 ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، لیکن انگلینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز اور چمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے کے دعویدار ہیں۔ یشسوی جیسوال کو بھی ٹی-20 ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے:

سوریہ کمار یادو (کپتان)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ابھشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، رنکو سنگھ، نتیش کمار ریڈی، اکشر پٹیل (نائب کپتان)، ہرشت رانا، عرشدیپ سنگھ، محمد شامی، ورون چکرورتی، روی بشنوئی، واشنگٹن سندر، دھرو جوریل (وکٹ کیپر)۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔