’چمپئنز ٹرافی 2025‘ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، جسپریت بمراہ اور محمد شامی پھر نظر آئیں گے ساتھ

ہندوستانی ٹیم کی کپتانی امید کے مطابق روہت شرما ہی کرتے ہوئے نظر آئیں گے، جبکہ نائب کپتان شبھمن گل کو بنایا گیا ہے، 15 رکنی اسکواڈ میں شریئس ایر اور کلدیپ یادو کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/ESPNcricinfo">@ESPNcricinfo</a></p></div>

تصویر@ESPNcricinfo

user

قومی آواز بیورو

طویل انتظار کے بعد آج بالآخر ہندوستان نے ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ اس ٹیم میں سب سے خاص بات یہ نظر آ رہی ہے کہ ایک بار پھر جسپریت بمراہ اور محمد شامی ایک ساتھ گیندبازی کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ محمد سراج کو ضرور مایوسی کا سامنا ہوگا، کیونکہ انھیں 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن بھی اس اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اسپن گیندباز کلیدپ یادو کے شیدائیوں کو اچھی خبر ضرور ملی ہے، کیونکہ انھیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ لوگوں کی نظر کرون نایر پر بھی تھی جنھوں نے وجئے ہزارے ٹرافی میں 750 سے زیادہ کی اوسط سے رن بنائے ہیں، لیکن چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا کہ 15 رکنی اسکواڈ میں سبھی کو شامل کرنا ممکن نہیں۔

چمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کے ساتھ کپتان روہت شرما بھی موجود تھے۔ ٹیم کی کپتانی امید کے مطابق روہت شرما کے ہاتھوں میں ہوگی، جبکہ شبھمن گل کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ وراٹ کوہلی، کے ایل راہل اور شریئس ایر بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔ یشسوی جیسوال اور رشبھ پنت کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ حالانکہ دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ رشبھ پنت کو فائنل-11 میں موقع ملتا ہے یا پھر کے ایل راہل کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔


واضح رہے کہ چمپئنز ٹرافی میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں کھیلیں گی، جنھیں 2 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم ’گروپ اے‘ میں ہے، جس میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی ہیں۔ گروپ اسٹیج میں ہندوستانی ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے ساتھ ایک ایک میچ کھیلے گی۔ 19 فروری سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش سے ہے۔ اپنا دوسرا میچ ہندوستانی ٹیم پاکستان کے خلاف 23 فروری کو کھیلے گئے۔ ہندوستانی ٹیم اپنے گروپ کا تیسرا اور آخری میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 2 مارچ کو کھیلے گی۔ ہندوستان کے سبھی میچ دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

چمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 15 رکنی ہندوستانی اسکواڈ اس طرح ہے: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، ہاردک پانڈیا، شریئس ایر، کلدیپ یادو، کے ایل راہل، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، جسپریت بمراہ، عرشدیپ سنگھ، رویندر جڈیجہ، یشسوی جیسوال، رشبھ پنت اور محمد شامی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔