دوسرا دن رہا جنوبی افریقہ کے نام، ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے پہاڑ کی طرح کھڑے رہے ڈین ایلگر

دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے 5 وکٹ کے نقصان پر 256 رن بنا لیے، ڈین ایلگر کے لیے یہ آخری ٹیسٹ سیریز اور وہ ابھی 140 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ڈین ایلگر، تصویر @ICC</p></div>

ڈین ایلگر، تصویر @ICC

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا دوسرا دن بھی آج خراب روشنی کی وجہ سے جلد ختم ہو گیا۔ پہلے دن کی طرح دوسرے دن بھی جنوبی افریقہ کی ٹیم ہندوستانی ٹیم پر حاوی دکھائی دی۔ مشکل پچ پر دوسرے دن کے ایل راہل نے شاندار سنچری بنائی جس کی وجہ سے ہندوستان پہلی اننگ میں کسی طرح 245 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ لیکن جب جنوبی افریقہ کی بلے بازی شروع ہوئی تو دھیرے دھیرے پچ بہتر ہوتا دکھائی دیا اور بلے بازوں نے بہترین کھیل کا بھی مظاہرہ کیا۔

دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ کا اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر 256 رن پہنچ گیا۔ یعنی جنوبی افریقہ کو 11 رنوں کی سبقت مل گئی ہے۔ اس اننگ میں افریقہ کے ہیرو ڈیلن ایلگر رہے جو اپنے کیریر کی آخری ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ڈین ایلگر 140 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے اور ان کا ساتھ مارکو یانسن دے رہے ہیں۔ ایلگر کی یہ چودہویں سنچری ہے اور وہ ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے پہاڑ بن کر کھڑے ہوئے۔


جنوبی افریقہ کے لیے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ڈیوڈ بیڈنگم نے بھی ہندوستانی گیندبازوں کا شاندار طریقے سے سامنا کیا۔ انھوں نے 87 گیندوں پر شاندار 56 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ایلگر اور بیڈنگم کے علاوہ ٹونی ڈی زورزی نے بھی 28 اہم رنوں کا تعاون کیا۔ ایڈن مارکرم (5 رن)، کیگن پیٹرسن (2 رن) اور کائل ویرین (4 رن) کوئی کمال نہیں کر سکے۔ میچ جب دوسرے دن ختم ہوا تو مارکو یانسن 3 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اب ایلگر اور یانسن کے علاوہ باقی بلے باز تیسرے دن جنوبی افریقہ کو بڑی سبقت دلانے کی کوشش کریں گے۔

ہندوستان کی طرف سے جسپریت بمراہ اور محمد سراج کے علاوہ دیگر کوئی گیندباز جنوبی افریقی بلے باز کو پریشان کرتا ہوا دکھائی نہیں دیا۔ بمراہ اور سراج نے 2-2 وکٹ لیے، جبکہ ایک وکٹ اپنا پہلا بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیل رہے پرشد کرشنا کے حصے میں آیا۔ شاردل ٹھاکر اور روی چندرن اشون وکٹ سے محروم رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔