جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی پہلی اننگ 245 رنوں پر سمٹی، راہل کی شاندار سنچری

ایک مشکل پچ پر کے ایل راہل نے 101 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی، جنوبی افریقہ کی طرف سے کگیسو رباڈا نے سب سے زیادہ 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

<div class="paragraphs"><p>کے ایل راہل، تصویر@BCCI</p></div>

کے ایل راہل، تصویر@BCCI

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جنوبی افریقہ کے سنچورین میدان پر کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آج ہندوستانی ٹیم 245 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ آج صبح بارش کی وجہ سے میچ کچھ تاخیر سے شروع ہوا۔ کل ہندوستان کا اسکور 8 وکٹ کے نقصان پر 208 رن تھا اور کے ایل راہل 70 رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔ آج ہندوستانی اسکور میں میں مزید 37 رن کا اضافہ ہوا اور کے ایل راہل 137 گیندوں پر 4 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے شاندار 101 رن بنائے۔ آج پہلا وکٹ محمد سراج کی شکل میں گرا جو 22 گیندوں پر 5 رن بنا کر گیرالڈ کویٹزری کا شکار بنے۔ کے ایل راہل کو نیندرے برگر نے کلین بولڈ کر دیا۔ پرشدھ کرشنا (صفر) ناٹ آؤٹ پویلین واپس لوٹے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے کگیسو رباڈا نے سب سے کامیاب گیندباز رہے جنھوں نے 20 اوورس میں 59 رن دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیندرے برگر نے بھی اپنی گیندبازی سے متاثر کیا جنھوں نے 15.4 اوورس میں 50 رن دے کر 3 اہم وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ مارکو جانسن (16 اوورس میں 52 رن) اور گیرالڈ کویٹزی (16 اوورس میں 74 رن) کو حاصل ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے انہی چار تیز گیندبازوں نے گیندبازی کی کیونکہ ٹیم میں کسی بھی اسپیشلسٹ اسپن گیندباز کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ سنچورین ٹیسٹ کے پہلے دن ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کے کپتان تیمبا بووما نے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کگیسو رباڈا اور نیندرے برگر نے اس فیصلے کو درست ثابت کیا۔ شروع سے ہی ہندوستانی بلے باز مشکل میں دکھائی دیے جب شروعاتی 3 وکٹ محض 24 رن پر گر گئے۔ کپتان روہت شرما 5 رن، یشسوی جیسوال 17 رن اور شبھمن گل 2 رن بنا کر سستے میں پویلین لوٹ گئے۔ روہت کو کگیسو رباڈا نے اور باقی دونوں کھلاڑیوں کو نیندرے برگر نے آؤٹ کیا۔ جب وراٹ کوہلی اور شریئس ایر بہت اچھے انداز میں کھیل رہے تھے اور ایک اچھی شراکت داری بن رہی تھی، تبھی لنچ بریک ہوا اور پھر دوبارہ کھیل شروع ہوا تو دونوں ہی جمے ہوئے کھلاڑی جلدی جلدی آؤٹ ہو گئے۔ شریئس ایر کو رباڈا نے 31 رن کے ذاتی اسکور پر بولڈ کیا اور پھر کوہلی کو رباڈا نے ہی 38 رن کے ذاتی اسکور پر وکٹ کیپر ویرینے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور محض 107 رن تھا۔ روی چندرن اشون بھی کچھ خاص نہیں کر سکے اور 8 رن بنا کر رباڈا کا ہی شکار بن گئے۔ یہاں ہندوستان کا اسکور 6 وکٹ کے نقصان پر 121 رن ہو گیا۔

یہ ہندوستان کے لیے مشکل وقت تھا جب کے ایل راہل سنبھل کر کھیل رہے تھے، لیکن دوسری طرف کوئی ان کا ساتھ نہیں دے رہا تھا۔ ایسے میں شاردل ٹھاکر نے کچھ اچھے شاٹ لگائے اور تیزی کے ساتھ رن آنے بھی شروع ہوئے۔ انھوں نے 33 گیندوں پر 24 رن بنائے تھے جب رباڈا کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کے ایل راہل نے کچھ اچھے شاٹ لگائے اور نچلے آرڈر کے بلے بازوں کو نان اسٹرائک پر رکھنے کی کوشش شروع کی۔ بمراہ 19 گیندوں پر 1 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور پھر سراج 10 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے کھیل ہی رہے تھے کہ اندھیرا چھا گیا، پھر بارش بھی شروع ہو گئی۔ اس طرح کھیل کو وہیں پر روکنا پڑا۔ جب کھیل روکا گیا تھا تو 59 اوورس ہو چکے تھے اور ہندوستان کا اسکور 8 وکٹ کے نقصان پر 208 رن پہنچ چکا تھا۔ کے ایل راہل اس 70 رن بنا کر کھیل رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔