ہندوستان نے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا کو دی پٹخنی، پلیئر آف دی میچ محمد سمیع نے لیے 5 وکٹ

آسٹریلیا نے ہندوستان کے سامنے جیت کے لیے 277 رنوں کا ہدف رکھا تھا جسے ہندوستانی ٹیم نے 8 گیندیں باقی رہتے 5 وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا، جیت کے ہیرو محمد سمیع رہے جنھوں نے 5 وکٹ لیے۔

<div class="paragraphs"><p>محمد سمیع، تصویر @BCCI</p></div>

محمد سمیع، تصویر @BCCI

user

تنویر

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین یک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز آج پنجاب کے موہالی میں ہوا جہاں ہندوستانی ٹیم کو 5 وکٹ سے جیت حاصل ہوئی ہے۔ بلے بازی کے لیے موزوں موہالی کے میدان میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 50 اوور میں 276 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی اور ہندوستان کو جیت کے لیے 277 رنوں کا ہدف ملا۔ اس ہدف کو ہندوستانی ٹیم نے آسانی کے ساتھ 48.4 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ہیرو ہندوستانی تیز گیندباز محمد سمیع رہے جنھوں نے 5 وکٹ لے کر آسٹریلیائی بلے بازوں کو بہت زیادہ جمنے کا موقع نہیں دیا۔

آج ٹاس ہندوستانی کپتان کے ایل راہل نے جیتا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب محمد سمیع نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ہی کامیابی دلا دی۔ مشیل مارش 4 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے اور یہیں سے آسٹریلیا بیک فٹ پر دکھائی دینے لگی۔ دوسرے وکٹ کے لیے ڈیوڈ وارنر اور اسٹیوین اسمتھ کے درمیان 94 رنوں کی شراکت داری ضرور ہوئی، لیکن اس کے لیے ذمہ دار شریئس ایر کہے جائیں گے جنھوں نے شاردل ٹھاکر کی گیند پر وارنر کا بہت آسان کیچ چھوڑ دیا۔ وارنر کو رویندر جڈیجہ نے انفرادی اسکور 52 رن پر آؤٹ کیا۔ پھر جیسے ہی محمد سمیع کے ہاتھوں میں گیند ملی تو اسٹیو اسمتھ کو انھوں نے 41 رنوں کے انفرادی اسکور پر بولڈ آؤٹ کر دیا۔


یہاں سے کچھ چھوٹی چھوٹی شراکت داریاں ہوئیں، لیکن ہر تھوڑے وقت کے بعد وکٹ بھی گرتے رہے جس کی وجہ سے آسٹریلیا بڑے اسکور کی طرف نہیں بڑھ سکا۔ مارنس لابوشین 39 رن، کیمرون گرین 31 رن، مارکس اسٹوئنس 29 رن اور جوش انگلس 45 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت آسٹریلیا کا اسکور 47.2 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 250 رن ہوا تھا۔ اگلی 16 گیندوں پر باقی 3 وکٹ گر گئے اور اسکور بورڈ میں 26 رن جڑے۔ اس طرح آسٹریلیا نے 50 اوور میں 276 رن بنائے۔

ہندوستان کی طرف سے محمد سمیع اور جسپریت بمراہ نے شروعاتی 10 اوورس میں بہت کفایتی گیندبازی کی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بعد کے گیندبازوں پر تیزی سے رن بنانے کی کوشش میں آسٹریلیائی بلے بازی آؤٹ ہوتے گئے۔ محمد سمیع نے سب سے زیادہ خطرناک گیندبازی کی اور 10 اوور میں 51 رن دے کر 5 وکٹ لیے۔ اس کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بمراہ کو 1 وکٹ ملا جنھوں نے 10 اوور میں 43 رن خرچ کیے۔ 1-1 وکٹ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کو بھی ملے۔


جب ہندوستانی سلامی بلے باز شبھمن گل اور ریتوراج گائیکواڈ 277 رن کا ہدف حاصل کرنے اترے تو کبھی بھی مشکل میں نظر نہیں آئے۔ پہلے ہی گیند سے رن بننے شروع ہو گئے اور دونوں کے درمیان جب 21.3 اوورس میں 142 رنوں کی شراکت داری ہو چکی تھی تو 22ویں اوور کی چوتھی گیند پر ایڈم زیمپا نے ریتوراج کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ ریتوراج نے 77 گیندوں پر 71 رنوں کی بہترین اننگ کھیلی۔ شریئس ایر بدقسمت رہے جو محض 3 رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ پھر شبھمن گل بھی 74 رن (63 گیندوں پر) بنا کر زیمپا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ یہ وہ وقت تھا جب محض 9 رن بنانے میں 3 وکٹ گر گئے۔

یہاں سے کپتان کے ایل راہل اور ایشان کشن کے درمیان چھوٹی لیکن اہم شراکت داری ہوئی۔ ایشان کشن 26 گیندوں پر 18 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پھر میدان پر سوریہ کمار یادو کی انٹری ہوئی جنھوں نے یک روزہ میچوں میں رنوں کی خشک سالی کو دور کیا۔ انھوں نے کپتان راہل کا بھرپور ساتھ دیا اور 80 رنوں کی شراکت داری کی۔ ٹیم جب جیت سے محض 12 رن دور تھی تو بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں سوریہ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 50 رنوں کا تعاون کیا۔ اس کے بعد کوئی وکٹ نہیں گرا اور 49ویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیندوں پر بالترتیب چوکا اور چھکا مار کر کپتان راہل نے میچ کو ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا۔ انھوں نے ناٹ آؤٹ 58 رن بنائے۔ رویندر جڈیجہ بھی 3 رن بنا کر ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔


آسٹریلیا کی طرف سے اگر کسی گیندباز نے ہندوستانی بلے بازوں کو پریشان کیا تو وہ ایڈم زیمپا رہے۔ انھوں نے 10 اوورس میں 57 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ کپتان پیٹ کمنس نے 10 اوورس میں 44 رن دے کر 1 وکٹ لیا۔ 1 وکٹ سین ایبوٹ کو بھی ملا جنھوں نے 9.4 اوورس میں 56 رن دیے۔ مارکس اسٹوئنس بہت مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 5 اوورس میں 40 رن خرچ کیے۔ کیمرون گرین نے 6 اوورس میں 44 رن اور میتھیو شارٹ نے 8 اوورس میں 39 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔