تیسرے وَنڈے میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو دی شکست، سیریز پر 1-2 سے ہندوستان کا قبضہ

آج کے میچ میں 4 وکٹ لینے والے گلین میکسویل کو پلیئر آف دی میچ کا اور سیریز میں 178 رن بنانے والے شبھمن گل کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>سیریز پر ہندوستان کا قبضہ، تصویر @BCCI</p></div>

سیریز پر ہندوستان کا قبضہ، تصویر @BCCI

user

تنویر

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین وَنڈے میچوں کی سیریز کا آج آخری مقابلہ کھیلا گیا۔ رنوں سے بھرے ہوئے اس میچ میں آسٹریلیا کو 66 رنوں سے جیت حاصل ہوئی، لیکن شروعاتی دونوں وَنڈے میچ جیتنے کی وجہ سے ہندوستان نے سیریز پر 1-2 سے قبضہ کر لیا ہے۔ آسٹریلیا نے آخری میچ میں ہندوستان کو جیت کے لیے 353 رنوں کا ہدف دیا تھا، لیکن پوری ہندوستانی ٹیم 49.4 اوور میں 286 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آج کی جیت کے ہیرو روہے گلین میکسویل کو پلیئر آف دی میچ اور ہندوستانی سلامی بلے باز شبھمن گل کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ شبھمن گل نے شروعاتی دو میچوں میں 178 رن بنائے تھے۔

راجکوٹ میں کھیلے گئے آج کے میچ میں آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سلامی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور مشیل مارش نے آج ٹیم کو بہترین شروعات دی اور شروعاتی 8 اوور میں ہی 78 رن جوڑ دیے۔ نویں اوور کی پہلی گیند پر طوفانی اننگ کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر 56 رن (34 گیندوں پر) بنا کر پرسدھ کرشنا کا شکار ہو گئے۔ پھر آنے والے بلے بازوں اسٹیو اسمتھ (74 رن) اور مارنس لابوشین (74 رن) نے بھی تیزی کے ساتھ رن بٹورے۔ مشیل مارش بدقسمت رہے جو 84 گیندوں پر 96 رنوں کی اننگ کھیل کر کلدیپ یادو کے شکار بن گئے۔


ہندوستان کے تیز گیندبازوں کی آج آسٹریلیائی بلے بازوں نے خوب پٹائی کی، لیکن اسپن گیندبازوں کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے 400 رنوں کی طرف بڑھ رہی آسٹریلیائی ٹیم کو 352 رن پر ہی روک دیا۔ کلدیپ یادو نے 6 اوورس میں 48 رن دے کر 2 وکٹ لیے، جبکہ واشنگٹن سندر (10 اوورس میں 48 رن) اور رویندر جڈیجہ (10 اوورس میں 61 رن) وکٹ سے محروم رہے۔ جسپریت بمراہ سب سے مہنگے رہے جنھوں نے 10 اوورس میں 81 رن خرچ کر دیے، حالانکہ انھوں نے 3 وکٹ بھی حاصل کیے۔ ایک وکٹ محمد سراج (9 اوورس میں 68 رن) اور ایک وکٹ پرسدھ کرشنا (5 اوورس میں 45 رن) کو ملے۔

ہندوستان کے سلامی بلے باز اور کپتان روہت شرما نے بھی ہندوستان کو بہترین شروعات دی، لیکن دوسرے سلامی بلے باز واشنگٹن سندر کی بلے بازی مایوس کن رہی۔ روہت شرما نے محض 57 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 81 رن بنائے۔ سندر نے 30 گیندوں پر محض 18 رنوں کا تعاون کیا۔ بعد کے بلے بازوں میں وراٹ کوہلی (56 رن) اور شریئس ایر (48 رن) نے ٹیم کو جیت کی طرف لے جانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن ہر تھوڑے وقفہ پر وکٹ گرنے اور بعد کے بلے بازوں کی ناکامی کے سبب ہندوستان 286 رن تک ہی پہنچ سکا۔ رویندر جڈیجہ نے 36 گیندوں پر 35 رن ضرور بنائے، لیکن انھیں کسی دیگر بلے باز کا ساتھ نہیں ملا۔ کے ایل راہل محض 26 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور سوریہ کمار یادو (8 رن) بھی کوئی کمال نہیں دکھا سکے۔


آسٹریلیا کی طرف سے گلین میکسویل نے اپنی گیندبازی سے سبھی کو حیران کیا۔ انھوں نے 10 اوورس میں محض 40 رن دے کر ہندوستان کے 4 اہم کھلاڑیوں (واشنگٹن سندر، روہت شرما، وراٹ کوہلی، شریئس ایر) کو آؤٹ کیا۔ باقی کوئی گیندباز بہت زیادہ متاثر نہیں کر سکا، حالانکہ ہندوستان پر پڑتے دباؤ کے سبب ہیزل ووڈ (2 وکٹ) اور کیمرون گرین (1 وکٹ) کو وکٹ بھی ملے اور وہ کفایتی بھی ثابت ہوئے۔ کپتان پیٹ کمنز نے 8 اوورس میں 59 رن خرچ کر 1 وکٹ اور مشیل اسٹارک نے 7 اوورس میں 53 رن خرچ کر 1 وکٹ حاصل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔