کرکٹ عالمی کپ: مضبوط انگلینڈ کے سامنے آج سری لنکا کا امتحان

سری لنکائی ٹیم نے رواں عالمی کپ میں اب تک مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس لیے انگلینڈ کے خلاف اس کا جیتنا مشکل نظر آ رہا ہے۔ آج گر سری لنکا کو شکست ہوتی ہے تو وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لیڈز: دنیا کی نمبر ایک ٹیم اور کرکٹ عالمی کپ 2019 کی میزبان انگلینڈ ٹیم کا ورلڈ کپ میں جمعہ کو مقابلہ ٹورنامنٹ میں اب تک اپنے نشان چھوڑ پانے میں ناکام رہی سری لنکا سے ہوگا۔ انگلینڈ کے پانچ میچوں میں چار جیت اور ایک ہار کے ساتھ آٹھ پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم پانچ میچوں میں ایک جیت، دو ہار اور دو منسوخ نتیجوں کے ساتھ فی الحال چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ سری لنکا کے کھاتے میں چار پوائنٹس ہیں۔ انگلینڈ کو واحد شکست پاکستان کے ہاتھوں ملی ہے، وہیں سری لنکا نے اپنی واحد فتح ٹورنامنٹ میں نچلے پائیدان پر چل رہی افغانستان کے خلاف حاصل کی تھی۔

میزبان انگلینڈ کی ٹیم شروع سے ہی اس ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اس نے اوپننگ میچ میں جنوبی افریقہ کو 104 رنز کے بڑے فرق سے شکست سے دو چار کیا تھا۔ لیکن دوسرے مقابلے میں پاکستان نے اس ورلڈ کپ کا پہلا الٹ پھیر کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دی تھی۔ اگرچہ پاکستان سے ملی ہار سے سبق لیتے ہوئے انگلش ٹیم نے زبردست واپسی کی اور مسلسل تین مقابلے جیت کر اس نے بتا دیا کہ وہ ٹورنامنٹ کی مضبوط دعویداروں میں سے ایک ہے۔


انگلینڈ نے بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہیں ۔ انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف 150 رنز کی بڑی جیت درج کی تھی۔ اگر ویسٹ انڈیز کے ساتھ مقابلے کو چھوڑ دیا جائے تو میزبان ٹیم نے اس عالمی کپ کے دیگر مقابلوں میں پہاڑ جیسا اسکور بنایا ہے۔

آج کے میچ میں اگر سری لنکا کو شکست ہاتھ لگتی ہے تو وہ ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہو جائے گی کیونکہ آگے کے تین میچوں میں اسے جیت ملے گی بھی تو اس کے محض 10 پوائنٹس ہوں گے جو کہ ٹاپ 4 میں شامل ہونے کے لیے کافی نہیں ہوں گے۔ اس وقت انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ہندوستان اور آسٹریلیائی ٹیمیں ٹاپ 4 کی مضبوط دعویدار نظر آ رہی ہیں۔ ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان اس ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہی ہو چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */