عالمی کپ کے کچھ میچوں میں ہندوستانی ٹیم ’بھگوا ڈریس‘ پہننے کو مجبور، جانیں کیوں!

ہندوستان، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کے ڈریس کا رنگ نیلا ہے اور آئی سی سی کے ضابطوں کے مطابق ایک میچ میں دو ٹیمیں ایک ہی رنگ کا ڈریس پہن کر نہیں کھیل سکتیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی ٹیم کو عالمی کپ کے دوران آئندہ کچھ میچوں میں آپ بھگوا ڈریس پہنے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 22 جون کو افغانستان کے خلاف پہلی بار ہندوستانی ٹیم بھگوا رنگ کا ڈریس زیب تن کر سکتی ہے اور پھر 30 جون کو انگلینڈ کے خلاف بھی وہ بھگوا ڈریس پہن سکتی ہے۔

دراصل ہندوستان، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کے ڈریس کا رنگ تقریباً یکساں (نیلا) ہے اور آئی سی سی کے ضابطوں کے مطابق ایک میچ میں دو ٹیمیں ایک ہی رنگ کا ڈریس پہن کر نہیں کھیل سکتیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو افغانستان کے خلاف جب ہندوستانی ٹیم کھیلنے اترے گی تو اس کے ڈریس کا رنگ نیلے کی جگہ کچھ دوسرا ہو سکتا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ رنگ بھگوا ہوگا کیونکہ اس طرح کی خبریں پہلے سامنے آ چکی ہیں کہ اس رنگ کا ڈریس ہندوستانی ٹیم کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آئی ہے۔


ویسے یہ بھی ممکن ہے کہ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان 22 جون کو ہونے والے میچ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا ڈریس بدلنے کی جگہ افغانستانی ٹیم کا ڈریس بدلا جائے، لیکن 30 جون کو جب انگلینڈ کے خلاف ہندوستانی ٹیم کھیلنے اترے گی تو اسے ڈریس بدلنا ہی ہوگا۔ ایسا اس لیے کیونکہ آئی سی سی کے ضابطوں کے مطابق میزبان ٹیم کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ اپنا ڈریس نہ بدلے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کا ڈریس بھی ایک ہی رنگ یعنی ہرا ہے۔ یہی سبب ہے کہ گزشتہ دنوں جب جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کھیلا گیا تو جنوبی افریقی کھلاڑی پیلے ڈریس میں نظر آئے۔ رواں عالمی کپ میں صرف آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ایسی ہیں جس کے ڈریس کا رنگ کسی دوسری ٹیم کے ڈریس کے رنگ سے میل نہیں کھاتا۔ باقی ٹیموں کو اپنے جیسے ڈریس والی ٹیموں کے خلاف کھیلتے وقت ڈریس کا رنگ بدلنے کا خطرہ رہے گا۔


اس طرح دیکھا جائے تو 22 جون کو ہونے والے میچ میں کس ٹیم کے ڈریس کا رنگ بدلے گا، یہ تو اسی دن پتہ چل پائے گا، لیکن 30 جون کو یہ پتہ چلے گا کہ آخر ہندوستانی ٹیم کے ڈریس کا متبادل رنگ ڈیزائن کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی اس ٹورنامنٹ میں اب تک بہترین رہی ہے اور اس نے اب تک کھیلے گئے چار میچوں میں سے تین میں جیت درج کی ہے۔ ایک میچ بارش کی وجہ سے ٹائی ہو گیا تھا۔ گویا کہ ہندوستانی ٹیم اس وقت غیر مفتوح ہے۔

ہندوستانی ٹیم کو ابھی 5 میچ کھیلنا باقی ہے۔ 22 جون کو وراٹ کوہلی کی ٹیم افغانستان کے خلاف، 27 جون کو ویسٹ انڈیز کے خلاف، 30 جون کو انگلینڈ کے خلاف، 2 جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف اور 6 جولائی کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Jun 2019, 4:10 PM