آئی سی سی چمپئنز ٹرافی ماضی کے آئینے میں، پہلی فاتح ٹیم اور انعامی رقم
1998 میں آئی سی سی ناک آؤٹ کے نام سے بنگلہ دیش میں کھیلے گئے اس پہلے ٹورنامنٹ کو جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر جیتا تھا۔ فاتح ٹیم کو 6.5 کروڑ روپے کی انعامی رقم ملی تھی۔

1998میں چمپئنز ٹرافی جیتنے والی جنوبی افریقی ٹیم، تصویر سوشل میڈیا
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیم آج چمپئنز ٹرافی خطاب کے لیے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہونے والی ہے۔ دونوں ٹیمیں فائنل مقابلے کے لیے پوری طرح سے کمربستہ ہیں۔ اگر ہندوستان اس بار خطاب جیتتا ہے تو یہ اس کا چمپئنز ٹرافی کا تیسرا خطاب ہوگا۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا 2002 (سری لنکا کے ساتھ مشترکہ فاتح) اور 2013 میں یہ خطاب اپنے نام کر چکی ہے۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی ایک بار (2000ء میں) چمپئنز ٹرافی کی فاتح بن چکی ہے تب اس نے ہندوستان کو ہی فائنل میں شکست دے کر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
چمپئنز ٹرافی کی تاریخ کی بات کی جائے تو اس ٹورنامنٹ کی شروعات آج سے 27 سال قبل 1998 میں ہوئی تھی۔ اس وقت اس کو آئی سی سی ناک آؤٹ ٹرافی کے نام سے جانا جاتا تھا۔ بعد میں اس کا نام تبدیل کرکے آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کر دیا گیا۔ بنگلہ دیش میں کھیلے گئے اس پہلے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ہینسی کرونئے کی کپتانی میں فائنل میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر خطاب پر قبضہ کیا تھا۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ پہلی مرتبہ چمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو کتنی رقم ملی تھی؟ دراصل آئی سی سی ناک آؤٹ ٹرافی جیتنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم کو انعامی رقم کے طور پر 1 ملین ڈالر کی رقم ملی تھی۔ یعنی ہندوستانی روپے کے مطابق تقریباً 6.5 کروڑ روپے کے قریب۔
اس مرتبہ چمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو 19.48 کروڑ روپے کی بڑی انعامی رقم ملنے والی ہے جبکہ فائنل میں ہارنے والی ٹیم کو 9.74 کروڑ روپے کی رقم ملے گی۔ وہیں سیمی فائنل مقابلے میں ہارنے والی ٹیم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کو 4.89 کروڑ روپے کی انعامی رقم ملے گی۔ ٹورنامنٹ میں پانچویں اور چھٹے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو بھی 3-3 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے 2013 میں مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں چمپئنز ٹرافی جیتا تھا۔ وہیں 2017 کے فائنل میں اسے پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سے پہلے 2002 میں سری لنکا کے ساتھ ٹیم انڈیا مشترکہ فاتح تھی۔ جبکہ 2000 میں ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ سے شکست کھا کر خطاب جیتنے سے چوک گٓئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔