چمپئنز ٹرافی 2025: ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل مقابلہ آج، روہت شرما کے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیاں بھی جاری!

فائنل سے ایک روز قبل پریس کانفرنس میں شبھمن گل سے جب روہت شرما کے ریٹائرمنٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’’ٹیم میں اس تعلق سے کوئی بات نہیں ہو رہی، ہماری پوری توجہ فائنل جیتنے پر ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر @ICC</p></div>

تصویر @ICC

user

قومی آواز بیورو

’چمپئنز ٹرافی 2025‘ پر قبضہ کرنے کے لیے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پوری طرح تیار ہیں۔ آج (9 مارچ) دوپہر فائنل مقابلہ میں دونوں ٹیمیں مد مقابل ہوں گی اور امید کی جا رہی ہے کہ زبردست ٹکر دیکھنے کو ملے گی۔ مقابلے سے ایک روز قبل دونوں ٹیموں نے خوب پریکٹس کی اور اپنی خامیوں کو دور کرنے کے علاوہ حریف ٹیم کے کھلاڑیوں پر حاوی ہونے کے منصوبے تیار کیے۔ اس درمیان روہت شرما کے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیوں نے ایک الگ ماحول قائم کر دیا ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں کوئی بھی مصدقہ خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے کچھ ایسی رپورٹس ضرور شائع ہوئی ہیں، جن میں بتایا گیا ہے کہ روہت شرما اس ٹورنامنٹ کے بعد کپتان سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ یعنی وہ بطور بلے بازی کھیلنا جاری رکھ سکتے ہیں، لیکن اس کی تصدیق بھی فائنل مقابلہ کے بعد ہی ہو پائے گی۔

فائنل مقابلہ سے ایک روز قبل ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان شبھمن گل نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے میڈیا کے کئی سوالوں کا جواب نہایت وضاحت کے ساتھ دیا۔ اس پریس کانفرنس میں ان سے روہت شرما کے ریٹائرمنٹ کے بارے میں بھی سوال کیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’’ابھی تو ہماری توجہ فائنل مقابلہ جیتنے پر ہے۔ ٹیم میں اس (ریٹائرمنٹ) کو لے کر کوئی بات نہیں ہو رہی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ روہت بھائی بھی اس (ریٹائرمنٹ کے) بارے میں کچھ سوچ رہے ہوں گے۔ فی الحال اس سلسلے میں کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا ہے۔‘‘


شبھمن گل نے چمپئنز ٹرافی 2025 اور عالمی کپ 2023 میں یکسانیت کے تعلق سے کیے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم وہاں ایک ہی میچ (آسٹریلیا کے خلاف فائنل مقابلہ) ہارے تھے، لیکن سبھی کھلاڑی ایک دوسرے کو حوصلہ دیتے رہتے ہیں۔ ہماری ٹیم کا کلچر اس وقت بہت شاندار ہے۔ ہم اس میچ میں ہار گئے تھے، اور وہاں (احمد آباد) کی پچ بھی دبئی کی طرح تھی۔ لیکن ہم نے خود کو مضبوط بنانے کی طرف دھیان دیا ہے۔ ہم آپس میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے بارے میں بات کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم انفرادی غلطیوں کی طرف اشارہ نہیں کرتے، بلکہ دیکھتے ہیں کہ ہم ذاتی طور سے دباؤ کو کس طرح کم کر سکتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ایک دوسرے کی مدد کرنا اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ سنچری لگانا، 5 وکٹ لینا۔ آپ ان چیزوں کو میدان پر نہیں دیکھ سکتے، لیکن یہ چیزیں کامیابی میں بہت تعاون کرتی ہیں۔‘‘

فائنل مقابلہ سے قبل پریشر کے بارے میں بات کرتے ہوئے شبھمن گل نے کہا کہ بڑے میچ کا پریشر ضرور رہتا ہے، لیکن انفرادی طور پر روہت بھائی اور کوہلی بھائی کے ساتھ وَنڈے کھیلنے کا فائدہ ملتا ہے۔ میرے بعد شریئس بھائی، ہاردک بھائی، راہل بھائی ہیں۔ ان سبھی کی وجہ سے ہم ٹاپ آرڈر میں کھل کر کھیل پاتے ہیں۔ گل نے یہ بھی بتایا کہ نائب کپتان بن کر انھیں کافی سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’جب نئی چیزیں جوڑی جاتی ہیں تو اس سے ہم ذمہ دار بنتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔