’امید ہے کہ ممبئی پولیس محمد سمیع کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرے گی!‘ دہلی پولیس کی دلچسپ پوسٹ

ہندوستان نے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اس میچ میں محمد سمیع نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ دہلی اور ممبئی پولیس نے شاندار کارکردگی کے حوالہ سے دلچسپ پوسٹ کیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر</p></div>

تصویر ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر چوتھی بار اس عالمی ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ اس میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے، جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 48.5 اوورز میں 327 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد سمیع نے شاندار بولنگ کی اور 57 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔

سمیع کی اس شاندار کارکردگی کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے اور وہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ میں بنے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، دہلی پولیس نے بھی ممبئی پولیس کو ٹیگ کیا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایک پر ایک پوسٹ کی جو وائرل ہو گئی۔ میچ کے بعد دہلی پولیس نے لکھا، ’’ممبئی پولیس، ہمیں امید ہے کہ آپ محمد سمیع پر ان کے آج کیے گئے حملے کے لیے مقدمہ درج نہیں کریں گے!‘‘


ممبئی پولیس نے بھی فوری طور پر دہلی پولیس کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا، ’’دہلی پولیس، آپ لاتعداد لوگوں کے دل چرانے کے لیے دفعہ عائد کرنا بھول گئے اور آپ نے شریک جرم کی فہرست بھی پیش نہیں کی۔‘‘ یہاں ممبئی پولیس میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دوسرے کھلاڑیوں وراٹ کوہلی، شیریئس ایئر، شبمن گل اور کے ایل راہل کی طرف اشارہ کر رہی تھی۔ کچھ ہی دیر میں یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

خیال رہے کہ سیمی فائنل میچ میں جب ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کے لیے بڑا ہدف رکھا تھا، تو سبھی یہ مان رہے تھے کہ ٹیم انڈیا آسانی سے میچ جیت لے گی۔ اس کے بعد جب نیوزی لینڈ کی ٹیم بیٹنگ کے لیے آئی تو اس کا آغاز خراب تھا اور 39 رنز پر دو وکٹیں گر چکی تھیں۔ لیکن اس کے بعد جب مچل اور کپتان کین ولیمسن نے تیسری وکٹ کے لیے تیز رفتار 181 رنز جوڑے تو میچ پھنسا ہوا نظر آنے لگا تھا۔


اس کے بعد کپتان روہت شرما نے ایک بار پھر گیند سمیع کے حوالے کی اور آتے ہی انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے کین ولیمسن کی اہم وکٹ لے کر اس طویل شراکت کو توڑ دیا۔ سمیع نے اس اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم دباؤ میں آ گئی۔ تاہم فلپس اور مچل کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 75 رنز کی شراکت ہوئی جسے بمراہ نے توڑا۔ بعد میں سمیع نے مزید 3 وکٹیں حاصل کیں اور پوری ٹیم 327 رنز پر سمٹ گئی۔ سمیع کو اس شاندار کارکردگی پر 'پلیئر آف دی میچ' قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو 398 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ کپتان روہت شرما نے 29 گیندوں میں 47 رنز بنائے۔ شبمن گل نے 80 رنز کا تعاون دیا، جبکہ کوہلی اور شریئس ایئر نے شاندار سنچری کی اننگ کھیلی۔ کوہلی 113 گیندوں میں 117 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، شریئس نے دھماکہ خیز بلے بازی کی اور 70 گیندوں میں 105 رنز بنائے۔ آخری اووروں میں کے ایل راہل نے 20 گیندوں میں 39 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔