ایشز میں تاریخ رقم! اسٹیو اسمتھ نے 96 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
اسمتھ نے ایشز سیریز میں اپنی 13ویں سنچری لگا کر انگلینڈ کے بلے باز جیک ہابس کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہابس نے ایشز میں 12 سنچری اسکور کی تھی، جبکہ اسمتھ اب 13 سنچری کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے سڈنی ٹیسٹ گراؤنڈ پر کھیلے جا رہے پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے اسٹار بلے باز اسٹیو اسمتھ نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے، جس سے ان کا نام مزید اونچا ہو گیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف تیسرے روز اسٹیو اسمتھ نے اپنی 37ویں سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ایشز کا 96 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
اسٹیو اسمتھ نے ایشز سیریز میں اپنی 13ویں سنچری لگا کر انگلینڈ کے لیجنڈری بلے باز جیک ہابس کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہابس نے ایشز میں 12 سنچری اسکور کی تھی، جبکہ اسمتھ اب 13 سنچری کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس فہرست میں ان سے آگے صرف عظیم بلے باز ڈان بریڈ مین ہیں، جنہوں نے ایشز میں 19 سنچریاں لگائی تھیں۔ 96 سال بعد کسی بلے باز نے ہابس کو پیچھے چھوڑ دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ اگر ایشز میں رن کی بات کی جائے تو ڈان بریڈ مین 5028 کے ساتھ سرفہرست ہیں، اسٹیو اسمتھ 3682 رن کے ساتھ دوسرے مقام پر اور جیک ہابس 3636 رن کے ساتھ تیسرے مقام پر قائم ہیں۔
اسٹیو اسمتھ نے سڈنی میں سنچری لگانے کے ساتھ ہندوستان کے ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کو بھی ایک خاص معاملہ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دراصل اسٹیو اسمتھ نے صرف 219 اننگ میں 37 سنچری مکمل کر لیے، جبکہ سچن تندولکر نے 220 اننگ میں یہ مقام حاصل کیا تھا۔ حالانکہ اس فہرست میں سب سے سے تیز 37 سنچری بنانے کا ریکارڈ اب بھی آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کے نام ہے، جنہوں نے 212 اننگ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں قائم مقام کپتان بنے اسٹیو اسمتھ بطور کپتان اپنی 18ویں ٹیسٹ سنچری بنائی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں کپتان کے طور پر اسٹیو اسمتھ سے زیادہ سنچریاں صرف گرین اسمتھ، وراٹ کوہلی اور رکی پونٹنگ نے اسکور کی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ کپتان کے طور پر اسمتھ کا اوسط 68 سے بھی زیادہ ہے، جو انہیں اس فارمیٹ کے سب سے کامیاب کپتانوں میں شامل کرتا ہے۔ مجموعی طور پر اسٹیو اسمتھ کی یہ اننگ ایشز کی تاریخ میں سب سے یادگار اننگز میں شمار کی جائے گی، جس میں، تجربہ، صبر اور کلاس واضح طور پر نظر آئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔