ہربھجن سنگھ نے دیا سیاست میں قدم رکھنے کا اشارہ، پنجاب کی خدمت کے خواہاں

ہربھجن سنگھ نے سیاست میں قدم رکھنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پنجاب کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ ابھی تک اس تعلق سے کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آئی ہے کہ وہ کس پارٹی میں شامل ہوں گے۔

ہربھجن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
ہربھجن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے مشہور آف اسپن گیندباز ہربھجن سنگھ کبھی بھی سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پنجاب کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ حالانکہ ابھی تک اس تعلق سے کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آئی ہے کہ وہ کس پارٹی میں شامل ہوں گے، لیکن جس طرح سے انھوں نے گزشتہ ہفتہ نوجوت سنگھ سدھو سے ملاقات کی، اور پھر کچھ دنوں بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، ایسی خبریں اڑ رہی ہیں کہ وہ کانگریس میں شامل ہو سکتے ہیں۔

ہربھجن سنگھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ پنجاب کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور یہ یا تو سیاست کے ذریعہ ہو یا دوسرے طریقے سے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے پاس کئی پارٹیوں میں شامل ہونے کی پیشکش ہے لیکن سوچ سمجھ کر ہی کسی پارٹی کے ساتھ جڑیں گے۔


ایک پریس کانفرنس میں ہربھجن نے کہا کہ ’’مستقبل کو لے کر میں ابھی کچھ طے نہیں کیا ہے، لیکن میں کرکٹ کے ساتھ جڑا رہوں گا۔ کرکٹ کی وجہ سے ہی لوگ مجھے جانتے ہیں۔ جہاں تک میرے سیاسی کیریر کا سوال ہے، میں خود اس کا انکشاف کروں گا۔ جب بھی ایسا کچھ ہوگا، میں سب کو اس کے بارے میں بتاؤں گا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ایمانداری سے کہوں تو میں نے ابھی تک اس بارے میں کچھ سوچا نہیں ہے۔ میرے پاس کئی سیاسی پارٹیوں سے آفر ہیں، لیکن مجھے بیٹھ کر بہت ہی سمجھداری سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ چھوٹا فیصلہ نہیں ہوگا کیونکہ یہ چیلنج سے بھرا کام ہے اور میں اسے ادھورے من سے نہیں کرنا چاہتا۔ جس دن مجھے ایسا لگے گا کہ میں اس کے لیے تیار ہوں، میں اس میں چلا جاؤں گا۔‘‘

کرکٹ سے متعلق اپنے منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے بتایا کہ ’’اگر میرے پاس کرکٹ نہیں ہوتی تو میں اس سطح تک نہیں پہنچ پاتا۔ بھگوان کا میرے اوپر رحم رہا ہے۔ میرا سفر بہت ہی اچھا رہا ہے۔ میں لیجنڈ لیگ کھیلنے کی کوشش کروں گا۔ میں نے غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کے بارے میں نہیں سوچا ہے۔ ریٹائرمنٹ لینے کے پیچھے مقصد یہی ہے کہ فیملی کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکوں اور میں یہی کرنے کی کوشش کروں گا۔ اگر مجھے مقابلہ آرا کرکٹ کھیلنی تھی تو میں آئی پی ایل کھیل سکتا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ریٹائرمنٹ کا صحیح وقت ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔