خواتین کرکٹرس کے ’آئی پی ایل‘ میں پانچ ٹیموں کے کھیلنے کا امکان، مارچ 2023 میں کھیلا جائے گا پہلا سیزن

پی ٹی آئی کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ٹورنامنٹ میں 20 لیگ راؤنڈ کے میچ کھیلے جائیں گے اور سبھی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو دو مرتبہ کھیلیں گی۔

آئی پی ایل، تصویر آئی اے این ایس
آئی پی ایل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مرد کرکٹروں سے سجے آئی پی ایل ٹورنامنٹ کی بے پناہ کامیابی کے بعد اب خواتین کرکٹروں پر مبنی آئی پی ایل ٹورنامنٹ شروع کرنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق خواتین کے آئی پی ایل کا پہلا سیزن مارچ 2023 میں کھیلا جائے گا، اور اس ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں شامل ہو سکتی ہیں۔

اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے حوالے سے میڈیا میں خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق خواتین کا آئی پی ایل مردوں کے آئی پی ایل سے پہلے کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کے شروع ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان اس فہرست میں شامل ہو جائے گا جس میں آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسے ممالک شامل ہیں۔ یعنی خواتین کا کرکٹ لیگ منعقد کرنے والے ممالک میں ہندوستان کی بھی شمولیت ہو جائے گی۔ آسٹریلیا میں خواتین کا بگ بیش ٹورنامنٹ اور انگلینڈ میں خواتین کا ہنڈرڈ ٹورنامنٹ کھیلا جاتا ہے۔


پی ٹی آئی کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ٹورنامنٹ میں 20 لیگ راؤنڈ کے میچ کھیلے جائیں گے اور سبھی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو دو مرتبہ کھیلیں گی۔ ٹیبل ٹاپ کرنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں داخل ہو گی اور دوسرے و تیسرے مقام پر رہنے والی ٹیم الیمنیٹر کھیلے گی۔ یہ بھی خبر ہے کہ جب میچ کھیلنے کے لیے ٹیم کی 11 خاتون کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا تو اس میں زیادہ سے زیادہ 5 بیرون ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیے جانے کی اجازت ہوگی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق خاتون آئی پی ایل ٹورنامنٹ جنوبی افریقہ میں 9 سے 26 فروری تک ہونے والے خاتون ٹی-20 عالمی کپ کے فوراً بعد ہونے کی امید ہے۔ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ پانچ سے چھ ٹیموں کے ساتھ ہر دن ایک میچ ہونا ممکن نہیں ہے۔ ایسے میں 10 میچ کسی ایک میدان پر اور 10 میچ کسی دوسرے میدان پر کھیلے جا سکتے ہیں۔


ابھی ٹیموں کی نیلامی کا عمل بھی ہونا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹیموں کا نام زون کی بنیاد پر طے کیا جا سکتا ہے۔ ہر ایک زون سے دو شہروں کو شارٹ لسٹ کیا جا سکتا ہے۔ ان میں دھرمشالہ/جموں (نارتھ زون)، پونے/راجکوٹ (ویسٹ زون)، اندور/ناگپور/رائے پور (سنٹرل زون)، رانچی/کٹک (ایسٹ زون)، کوچی/وائزاگ (ساؤتھ زون) اور گواہاٹی (نارتھ ایسٹ زون) شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔