دھونی کے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائی، چنئی کے ہیڈ کوچ فلیمنگ نے کی وضاحت

چیپک اسٹیڈیم میں مہندر سنگھ دھونی کے والد اور والدہ کے میچ دیکھنے پہنچنے کے بعد ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیاں ہونے لگی ہیں۔ فلیمنگ اس معاملے میں کسی بھی جانکاری سے انکار کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>مہندر سنگھ دھونی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

مہندر سنگھ دھونی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل 2025 کے سیزن میں ابھی تک ریتو راج گائیکواڈ کی کپتانی میں چنئی سپر کنگس ٹیم کا مظاہرہ کافی خراب دیکھنے کو ملا ہے۔ ٹیم کو پہلے مقابلے میں جیت ملنے کے بعد اگلے تین مقابلوں میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وہیں دہلی کیپٹلس کے خلاف ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ سے پہلے ایم ایس دھونی کے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائی بھی تیز ہو گئی ہے۔ حالانکہ چنئی سپر کنگس کے ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے اپنے بیان میں اس سلسلے میں اپنی وضاحت پیش کر دی ہے۔

دراصل ہفتہ کو چیپک اسٹیڈیم میں مہندر سنگھ دھونی کے والد پان سنگھ اور والدہ دیوکی دیوی میچ دیکھنے پہنچے تو اس وقت قیاس آرائی ہونے لگی کہ شاید وہ ریٹائرمنٹ کے سلسلے میں جلد ہی کوئی اعلان کر سکتے ہیں۔ حالانکہ ابھی تک اس بارے میں دھونی کی طرف سے کسی بھی طرح کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔


ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ جو دہلی کیپٹلس کے خلاف مقابلے میں ٹیم کو ملی 25 رنوں کی شکست کے بعد پریس کانفرنس میں آئے تھے، ان سے جب دھونی کے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اپنا جواب دیا۔ فلیمنگ نے کہا کہ مجھے اس کے بارے میں کچھ بھی علم نہیں ہے۔ میں ان کے ساتھ اپنے کام کرنے کا لطف لے رہا ہوں۔ وہ ابھی بھی کافی مضبوط کھلاڑی ہیں اور میں ان سے اس بارے میں ان دنوں پوچھتا بھی نہیں ہوں۔

ویسے سیزن کے پہلے 4 میں سے 3 میچ گنوانے کے بعد اب چنئی سپر کنگس کی ٹیم کے لیے آگے کی راہ کافی مشکل نظر آ رہی ہے۔ چنئی کا نیٹ رن ریٹ دیکھا جائے تو وہ بھی کافی خراب منفی 0.891 ہے۔ سی ایس کے کی ٹیم کا اگلا مقابلہ 8 اپریل کو پنجاب کنگس کے خلاف ملاں پور اسٹیڈیم میں ہے۔ جس میں پلے آف کی دوڑ میں شامل رکھنے کے لیے ٹیم کی جیت بہت ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔