چمپئنز ٹرافی 2025: ہند-پاک کرکٹ میچ کا ٹکٹ 3 ہزار روپے سے کم قیمت پر دستیاب، 23 فروری کو کھیلا جائے گا مہامقابلہ
چمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہونے والا ہے، اب آئی سی سی نے اپڈیٹ دے کر بتایا ہے کہ دبئی میں ہونے والے میچوں کا ٹکٹ 3 فروری کو ہندوستانی وقت کے مطابق شام 5.30 بجے سے فروخت کیا جائے گا۔
چمپئنز ٹرافی، تصویر@TheRealPCB
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جانکاری دی ہے کہ ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ میں ہندوستان کے 3 گروپ اسٹیج میچوں اور دبئی میں ہونے والے پہلے سیمی فائنل میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت پیر کی شام شروع ہوگی۔ ان چاروں میچوں کے ٹکٹ پیر کو خلیجی ممالک کے وقت کے مطابق شام 4 بجے سے خریدے جا سکیں گے، جو ہندوستانی وقت کے مطابق شام 5.30 بجے ہوگا۔ ان چار میچوں میں سے ایک ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا مہامقابلہ بھی ہے جو کہ 23 فروری کو کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی نے کہا کہ دبئی بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں جنرل اسٹینڈرڈ ٹکٹ کی قیمت 125 درہم (تقریباً 2964 روپے) سے شروع ہوگی اور آفیشیل ٹکٹنگ ویب سائٹ پر آن لائن اس کی خریداری کی جا سکتی ہے۔ آئی سی سی نے مزید کہا کہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے 10 چمپئنز ٹرافی میچوں کے ٹکٹ، جو گزشتہ ہفتہ فروخت کے لیے دستیاب تھے، اب آن لائن خرید کے لیے دستیاب ہیں۔
دی گئی جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے میچوں کے لیے چمپئنز ٹرافی کے فزیکل ٹکٹ خریدنے کے خواہش مند کرکٹ شیدائیوں کے لیے وہ پیر، 3 فروری سے 4.00 بجے (پی ایس ٹی) پاکستان کے 26 شہروں میں 108 ٹی سی ایس مراکز پر خریداری کے لیے دستیاب ہوں گے۔ آئی سی سی نے یہ بھی کہا ہے کہ 9 مارچ کو کھیلے جانے والے چمپئنز ٹرافی فائنل کے ٹکٹ دبئی میں پہلے سیمی فائنل کے اختتام کے بعد خریدے جا سکیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔