چمپئنز ٹرافی 2025: پاکستان نے افتتاحی تقریب اور کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس کو کیا منسوخ، آسٹریلیا-انگلینڈ ذمہ دار!
پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے افتتاحی تقریب سمیت کئی اہم پروگراموں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس کی وجہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کا وقت پر پاکستان نہ پہنچنا ہے۔
چمپئنز ٹرافی، تصویر@TheRealPCB
چمپئنز ٹرافی 2025 میں صرف 3 ہفتے کا وقت رہ گیا ہے، لیکن میزبان پاکستان کے مسائل ختم ہی نہیں ہو رہے ہیں۔ ایک طرف جہاں کراچی اور لاہور جیسے اہم اسٹیڈیم ابھی تک تیار نہیں ہوئے ہیں، وہیں دوسری جانب پی سی بی نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اس مرتبہ چمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کو ہی منسوخ کر دیا ہے۔ ذرائع سے یہ بھی خبر نکل کر سامنے آ رہی ہے کہ ٹورنامنٹ سے قبل ہونے والی کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس اور آفیشیل فوٹو شوٹ کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ہائبڑد ماڈل کے تحت ہندوستان کے پاکستان نہ جانے کے فیصلے سے پہلے ہی پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ کا رنگ پھیکا پڑ چکا ہے، اب اہم تقاریب کے منسوخ ہونے سے کئی طرح کے سوال بھی اٹھ رہے ہیں۔
پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے افتتاحی تقریب سمیت کئی اہم پروگراموں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس کی وجہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کا وقت پر پاکستان نہ پہنچنا ہے۔ یہ دونوں ٹیمیں ابھی سری لنکا اور ہندوستان میں ٹی 20، یک روزہ اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جا رہی ہے اور اس کے بعد 2 یک روزہ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ کی بات کریں تو اس کی ٹیم فی الحال 5 میچوں کی ٹی 20 سیریز میں مصروف ہے۔ اس کے بعد انگلینڈ کو ہندوستان کے خلاف یک روزہ سیریز بھی کھیلنی ہے۔ ظاہر ہے، ایسے میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کا فوری طور پر پاکستان پہنچنا ممکن نظر نہیں آ رہا۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اب تک چمپئنز ٹرافی کے لیے مقرر اسٹیڈیم کو تیار بھی نہیں کر پایا ہے، اور وقت تیزی کے ساتھ گزرتا جا رہا ہے۔ اسٹیڈیم کی تیاری کی پچھلی ڈیڈ لائن پہلے ہی ختم ہو چکی ہے اور موجودہ ڈیڈ لائن بھی ختم ہونے والی ہے۔ اس درمیان ٹورنامنٹ سے قبل ہونے والی کپتانوں کی پریس کانفرنس اور فوٹو شوٹ کی منسوخی سے یہ بھی صاف ہو گیا کہ روہت شرما چمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے کے لیے ڈائریکٹ دبئی جائیں گے۔ روہت شرما کے بارے میں یہ سوال لگاتار پوچھا جا رہا تھا کہ وہ کپتانوں کی پریس کانفرنس اور فوٹو شوٹ کے لیے پاکستان جائیں گے یا نہیں۔ اب جبکہ پریس کانفرنس اور فوٹو شوٹ کی منسوخی کا فیصلہ ہو چکا ہے تو روہت شرما کے پاکستان جانے کی تمام قیاس آرائیاں بھی ختم ہو گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔