چمپئنز ٹرافی 2025: روہت شرما اور اجیت اگرکر کی موجودگی میں ہندوستانی ٹیم کا کل ہوگا اعلان
بتایا جا رہا ہے کہ اسٹار تیز گیندباز جسپریت بمراہ اور کلدیپ یادو کی فٹ نس سے متعلق فکروں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹیم کا اعلان کرنے میں تاخیر ہوئی۔

اجیت اگرکر اور روہت شرما، تصویر @BCCI
’چمپئنز ٹرافی 2025‘ میں شامل 8 ممالک میں سے 6 نے اپنی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔ صرف ہندوستان اور پاکستان 2 ایسے ممالک ہیں، جنھوں نے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ بی سی سی آئی کل یعنی 18 جنوری کو ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی 3 یک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے بھی ٹیم کا اعلان کر دے گا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ہندوستانی ٹیم کا اعلان 18 جنوری کو ممبئی میں ہوگا۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما اور سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اجیت اگرکر کی موجودگی میں ہندوستانی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ دراصل روہت اور اگرکر ممبئی میں پریس کانفرنس کریں گے اور اسی دوران ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ ٹیم کے اعلان کے بعد دوپہر 12.30 بجے روہت اور اگرکر پریس کو خطاب کریں گے۔ یہ جانکاری بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں دی ہے۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ مینس سلیکشن کمیتی انگلینڈ کے خلاف یک روزہ میچوں کی سیریز اور آئندہ چمپئنز ٹرافی کے لیے ممبئی میں کل ہندوستانی ٹیم کا اعلان کرے گی۔ ٹیم سلیکشن کے بعد پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسٹار تیز گیندباز جسپریت بمراہ ارو کلدیپ یادو کی فٹ نس سے متعلق فکروں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹیم کا اعلان کرنے میں تاخیر ہوئی ہے۔ بمراہ کو آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گواسکر ٹرافی کے آخری ٹیسٹ میچ کے دوران پیٹھ میں دقت ہوئی تھی جس کے بعد ان کا اسکین کیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی نے اس وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ بمراہ کی چوٹ کتنی سنگین ہے، لیکن وہ دوبارہ گیندبازی کے لیے نہیں اترے تھے۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اگرکر کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز کے لیے منتخب کرتی ہے یا نہیں۔
دوسری طرف گھٹنے کی چوٹ کے سبب کلدیپ یادو کو آسٹریلیا دورہ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا۔ بائیں ہاتھ کا یہ اسپن گیندباز اب چوٹ سے باہر نکل گیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز سے پہلے انھوں نے پریکٹس کرتے ہوئے ویڈیو بھی جاری کی تھی۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز اور چمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ہندوستانی ٹیم سلیکشن کی بات کی جائے تو، کرون نایر پر بھی کئی لوگوں کی نظر ہوگی۔ وجئے ہزارے ٹرافی میں کرو نایر شاندار فارم میں دکھائی دیے، اسی لیے ان کے نام پر غور ضرور کیا جائے گا۔ انھوں نے وجئے ہزارے میں 7 اننگز میں 752 رن بنائے ہیں جن میں 5 سنچری شامل ہیں۔ وجئے ہزارے ٹرافی کا فائنل مقابلہ بھی کل یعنی 18 جنوری کو ہی ہونا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔