ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے وَنڈے میں چہل کی کامیابی کا راز منکشف

ہندوستانی اسپنر یجویندر چہل نے انکشاف کیا ہے کہ کپتان روہت شرما نے انھیں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے قبل گگلی گیندبازی پر زیادہ توجہ دینے کے لیے کہا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ویسٹ انڈیز کے خلاف 6 فروری کو کھیلے گئے پہلے وَنڈے میں بہترین گیندبازی کرنے والے ہندوستانی اسپنر یجویندر چہل نے اپنی کامیابی کے پیچھے کے راز سے پردہ ہٹا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کپتان روہت شرما نے انھیں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے پہلے گگلی گیندبازی پر زیادہ دھیان دینے کے لیے کہا تھا۔ اتوار کو کھیلے گئے میچ میں چہل نے 9.5 اوور میں 49 رن دے کر چار وکٹ لیے جس سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف 176 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس کے بعد ندوستان نے 6 وکٹ سے میچ جیت لیا۔

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذریعہ پوسٹ کی گئی ویڈیو میں چہل کو ’پلیئر آف دی میچ‘ سے نوازا گیا جس سے شرما کو پتہ چلا کہ کیسے ان کی گیندبازی نے انھیں ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو متاثر کرنے کا منصوبہ بنانے میں مدد کی۔ چہل نے کہا کہ ’’آپ نے مجھے میچ سے پہلے بتایا تھا اور میں نے بھی سوچا تھا کہ میں جنوبی افریقہ کے دورے میں بہت ساری گگلی نہیں کر رہا تھا۔ یہ میرے دماغ میں تھا کہ جب ایک ہارڈ ہٹر گیند کو سلاٹ میں دیکھتا ہے اور فیصلہ کرتا ہے کہ وہ اسے مارے گا، تو میرے پاس گگلی کی شکل میں اسلحہ ہے جو ایک لیگ اسپنر کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔‘‘


چہل نے آگے بتایا کہ ’’کپتان نے مجھ سے کہا تھا کہ میں جتنی زیادہ گگلی ڈالوں گا، میری لیگ اسپن زیادہ اثردار ہو جائے گی۔ میں انھیں نیٹس پر گیندباز کرتا رہتا ہوں اور تب مجھے احساس ہوا کہ شاید مجھے میچوں میں مزید گگلی کی کوشش کرنی چاہیے۔ جیسے ہم نے پولارڈ کو آؤٹ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ آپ نے بتایا تھا کہ مجھے انھیں کیسی گیندبازی کرنی ہے۔ مجھے پتہ تھا کہ اگر گیند صحیح جگہ نہیں ڈلی تو ان کے ذریعہ مجھے چھکّا مارنے کے 80 فیصد امکانات تھے۔‘‘

شرما کے سوال کے جواب میں چہل نے انکشاف کیا کہ انھوں نے گیند کو چھوڑتے وقت اپنے زاویہ میں بدلاؤ کیے تھے۔ انھوں نے کہا ’’میں نے اپنا اینگل تھوڑا بدل لیا تھا، خاص کر جب یہ ایک دھیما وکٹ ہے۔ جب میں ٹیم کا حصہ نہیں تھا تو میں نے اپنی گیندبازی میں کافی سدھار کیے تھے۔‘‘ اتوار کا میچ ہندوستان کا 1000واں یک روزہ میچ تھا اور چہل نے وَنڈے میں اپنے 100 وکٹ بھی مکمل کر لیے، اور اس کے ساتھ ہی وہ 100 وکٹ لینے والے دوسرے سب سے تیز ہندوستانی اسپنر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔