بٹلر نے ہمارے منہ سے فتح چھین لی: اظہر

اظہر علی نے کہا کہ چوتھے روز پچ اچانک آسان ہوگئی۔ ہم ریورس سوئنگ نہ ہونے پر حیران ہیں، جب 5 وکٹیں حاصل کیں تو حالات حق میں جا رہے تھے مگر پھر جوز بٹلر اور کرس ووکس کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

اظہر علی، تصویر یو این آئی
اظہر علی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

مانچسٹر: پاکستان کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں تین وکٹوں کی شکست کے بعد کہا کہ ٹیم مضبوط پوزیشن میں تھی لیکن جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ نے ہمارے منہ سے فتح چھین لی، میچ کے بعد میڈیا کانفرنس میں اظہر علی سے سوال ہوا کہ کیا آپ نے خراب کپتانی کی یا ٹیم اچھا نہیں کھیلی، اس پر انھوں نے کہا کہ بطور کپتان میں اس شکست کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں مگر آپ میری قیادت کو شکست کی وجہ قرار نہیں دے سکتے۔ بطور ٹیم ہم اچھا نہیں کھیلے، 10 سالہ تجربے سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ بیٹنگ کرتے ہوئے کپتانی اور کپتانی کرتے ہوئے بیٹنگ کا نہیں سوچتا، اس لیے دونوں ایک دوسرے کو متاثر نہیں کر رہی ہیں۔

اظہر علی نے کہا کہ چوتھے روز پچ اچانک آسان ہوگئی۔ ہم ریورس سوئنگ نہ ہونے پر حیران ہیں۔ بہرحال جب 5 وکٹیں حاصل کیں تو حالات حق میں جا رہے تھے مگر پھر جوز بٹلر اور کرس ووکس کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ اظہر علی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دوسری اننگز میں پاکستان بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے 350 کے قریب ہدف دے سکتا تھا، ہم بڑا اسکور کرتے تو انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کر دیتے، بہرحال کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے 277 بھی آسان ہدف نہیں تھا لیکن انگلش ٹیم کی چھٹی وکٹ کے لیے شراکت میں چیزیں مختلف نظر آئیں، انھوں نے جوابی حملہ کیا اور میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔


کپتان نے کہا کہ شکست پر مایوسی ہوئی لیکن یہ ایک شاندار ٹیسٹ میچ تھا۔ میدان میں کراؤڈ ہوتا تو بڑا اچھا محسوس ہوتا، لیکن گھروں میں بیٹھے شائقین کو اچھی تفریح حاصل ہوئی ہوگی۔ اظہر علی نے کہا کہ پچ کو دیکھتے ہوئے شاداب خان کو بطور آل راؤنڈر کھلانے کا فیصلہ کیا، ان کی موجودگی سے یاسر شاہ کو سپورٹ بھی ملی، چوتھے روز پیسرز کو پچ سے تھوڑی مدد مل رہی تھی، اس لیے شاداب سے زیادہ بولنگ نہیں کرائی۔ انھوں نے کہا کہ چھٹا بیٹسمین نہ کھلانے سمیت ٹیم سلیکشن میں کوئی خرابی نہیں تھی، شاداب کی بیٹنگ سے پہلی اننگز میں ٹیم کو فائدہ پہنچا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔