برسبین ٹیسٹ: تیسرے سیشن کا کھیل ہوا بارش کی نذر، ہندوستان کے دونوں اوپنر آؤٹ

میزبان آسٹریلیائی ٹیم 369 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں دونوں اوپنرز کی وکٹیں گنوا کر 62 رنز ہی بناسکی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

برسبین: ہفتہ کے روز یہاں گابا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہندوستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن تیسرے سیشن میں ایک بھی اوور نہیں پھینکا جاسکا اور اسٹمپ کا اعلان کردیا گیا۔ میزبان ٹیم 369 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں دونوں اوپنرز کی وکٹیں گنوا کر 62 رنز ہی بناسکی ہے۔ اس کے بعد کا کھیل ممکن نہیں ہوسکا، کیونکہ بارش جاری رہی۔ دن کے آخری ہاف میں بارش رک گئی لیکن میدان کھیل کے قابل نہیں رہا۔ باقی کے تینوں دن بھی بارش کے ہونے کا امکان ہے۔ آج کے نقصان کی بھرپائی کے لئے باقی تینوں دن کا کھیل مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ قبل شروع ہوگا۔

وہیں اسٹار بلے باز مارنس لابوشین(108) کی شاندار سنچری اور کپتان ٹم پین (50) کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف چار میچوں کی سیریز کے چوتھے اور فیصلہ کن میچ کے دوسرے دن ہفتہ کو اپنی پہلی اننگز میں 369 رنوں کا مضبوط اسکور بنالیا۔ آسٹریلیا کے لئے لابوشین نے چوتھے ٹیسٹ میچ میں اپنی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 204 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 108 رن بنائے اور انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پانچویں سنچری اسکور کی۔ کپتان ٹم پین نے بھی بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی نوجوانوں کی گیندبازی کا فائدہ اٹھایا اور 104 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 50 رن بنائے۔


آسٹریلیا نے اس میچ کے دوسرے دن پانچ وکٹوں کے نقصان پر 274 رنوں سے آگے کھیلنا شروع کیا، جس میں انہوں نے آل آؤٹ ہونے تک 95 رنوں کا اضافہ کیا اور ٹیم کا اسکور 369 تک پہنچا دیا جو اس سیریز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ ٹیم کی جانب سے میتھیو ویڈ نے 87 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 45 رن اور نوجوان کھلاڑی کیمرون گرین نے 107 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 47 رن بنائے اور دونوں ہی کھلاڑی اپنی نصف سنچریوں سے محروم رہ گئے۔ اسٹیون اسمتھ نے پہلی اننگ میں 37 رن بنائے۔

ہندوستان کو اس میچ میں اپنی ناقص گیندبازی کا خمیازہ بھگتنا پڑا اور آسٹریلیا کے گیندباز ناتھن لیون نے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 24 رن بنائے اور مشیل اسٹارک نے ناٹ آؤٹ 20 رن بنائے۔ آسٹریلیا نے 315 رنوں کے اسکور پر ہی اپنی آٹھ وکٹیں گنوا دی تھیں لیکن آخر کے بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط اسکور پر پہنچا دیا۔


ہندوستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز ٹی نٹراجن نے 24.2 اووروں میں 78 رن دے کر اور واشنگٹن سندر نے 31 اووروں میں 89 رن دے کر تین ۔ تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاردل ٹھاکر نے 24 اووروں میں 94 رن دے کر تین وکٹ لئے جبکہ تیز گیندباز محمد سراج عمدہ گیندبازی کرنے کے باوجود صرف ایک ہی وکٹ حاصل کرپائے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔