کورونا ٹیکہ کاری: صفائی ملازم منیش نے بیان کیا تجربہ، ایمس ڈائریکٹر نے کہا- ’وبا کے خاتمہ کا آغاز ہو چکا‘

وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن اور ایمس کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا کی موجودگی میں ایمس میں ایک صفائی ملازم منیش کمار کو سب سے پہلے کورونا کا ٹیکہ لگایا گیا

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک بھر کے ساتھ دہلی میں بھی آج سے کورونا کی ٹیکہ کاری کی مہم کا آغاز ہو گیا۔ دہلی میں 81 مراکز پر ٹیکہ کاری ایک ساتھ شروع کی گئی جن میں سے زیادہ تر اسپتال ہیں۔ وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن اور ایمس کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا کی موجودگی میں ایمس میں ایک صفائی ملازم منیش کمار کو سب سے پہلے کورونا کا ٹیکہ لگایا گیا۔

اس موقع پر منیش کمار نے کہا، ’’میرا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، ویکسین لگوانے میں مجھے کوئی جھجک نہیں ہوگی اور میں اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔ لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ میرے دل میں جو خوف تھا وہ بھی نکل گیا۔ سب کو ویکسین لگوانی چاہئے۔‘‘

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بتایا کہ دہلی میں آج 81 مراکز پر 8100 لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ لگایا جائے گا۔


اس موقع پر ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے کہا، ’’ہم نے دنیا کا سب سے بڑا ٹیکہ کاری پروگرام شروع کر دیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ پروگرام ہموار رہے گا اور اس کے تحت بڑی تعداد میں لوگوں کی ٹیکہ کاری انجام دی جائے گی۔ جہاں تک عالمی وبا کا سوال ہے تو اس کے خاتمہ کی شروعات ہو چکی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔