بارڈر-گواسکر ٹرافی: تیسرے ٹیسٹ کے پہلے ہی دن ہندوستانی ٹیم 109 پر سمٹی، آسٹریلیا کی شاندار شروعات، 47 رنوں کی سبقت

سبھی 4 آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو رویندر جڈیجہ نے ہی آؤٹ کیا، ٹریوس ہیڈ 9 رن، عثمان خواجہ 60 رن، مارنس لبوشانے 31 رن اور اسٹیو اسمتھ 26 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بارڈر-گواسکر ٹرافی کے پہلے دو ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد آج اندور میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ شروع ہو گیا۔ لیکن اس کے پہلے ہی دن ہندوستان کی بلے باز تاش کے پتے کی طرح بکھر گئے۔ پہلی اننگ میں ہندوستانی ٹیم محض 109 رن بنا کر سمٹ گئی، اور جواب میں جب آسٹریلیائی بلے باز کھیلنے اترے تو ہندوستانی گیندباز وکٹ کے لیے ترستے دکھائی دیئے۔ آج کا کھیل جب ختم ہوا تو آسٹریلیائی ٹیم 4 وکٹ کے نقصان پر 156 رن بنا چکی تھی۔ یعنی پہلے دن آسٹریلیا نے 47 رنوں کی سبقت حاصل کر لی ہے اور اس کے ہاتھ میں 6 کھلاڑی ہیں۔

آج اندور کا ہولکر اسٹیڈیم پوری طرح سے اسپنروں کے لیے مددگار نظر آیا۔ جب ہندوستانی ٹیم بلے بازی کے لیے اتری تو پانچ اوورس کے بعد ہی آسٹریلیائی کپتان اسمتھ نے اپنے اسپنروں کو گیند تھما دی۔ اسپنر کے پہلے ہی اوور میں ہندوستانی کپتان روہت شرما آؤٹ ہو گئے، اور پھر وکٹ گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تو 109 تک پہنچ کر پوری ٹیم ہی پویلین لوٹ گئی۔ ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ 22 رن وراٹ کوہلی نے بنائے، جبکہ شبھمن گل نے 21 رنوں کی اننگ کھیلی۔ پانچ کھلاڑی (چیتیشور پجارا، رویندر جڈیجہ، شریئس ایر، روی چندرن اشون اور محمد سراج) تو دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ آسٹریلیا کی طرف سے میتھیو کوہنمین نے سب سے زیادہ 5 وکٹ حاصل کیے، جبکہ ناتھن لیون کو 3 اور ٹاڈ مرفی کو 1 وکٹ ملے۔ ایک وکٹ رن آؤٹ کی شکل میں گرا۔


جب آسٹریلیائی ٹیم کی بلے بازی شروع ہوئی تو جڈیجہ نے ٹریوس ہیڈ کو 9 رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر ایسا ظاہر کیا تھا کہ اسپن کا جادو ہندوستانی گیندباز بھی دکھائیں گے، لیکن عثمان خواجہ اور مارنس لبوشانے نے 96 رنوں کی شراکت داری کر کے سبھی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ حالانکہ اس کے بعد 3 وکٹ جلدی جلدی گر گئے۔ سبھی 4 کھلاڑیوں کو رویندر جڈیجہ نے ہی آؤٹ کیا۔ عثمان خواجہ 60 رن، مارنس لبوشانے 31 رن اور اسٹیو اسمتھ 26 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جب آج کا کھیل ختم ہوا تو پیٹر ہینڈسکامب 7 رن اور کیمرون گرین 6 رن بنا کر کھیل رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔