ٹیم انڈیا کے نئے کوچ کی تلاش شروع، بی سی سی نے کیں درخواستیں طلب

بی سی سی آئی نے چیف کوچ کے لیے جو شرط رکھی ہے اس میں امیدوار كو 60 سال سے کم کا ہونا چاہیے اور ساتھ ہی کم از کم 30 ٹیسٹ یا 50 ون ڈے کھیلنے کا تجربہ بھی ہونا چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹیم انڈیا کے نئے کوچ اور سپورٹ اسٹاف کے لئے تلاش شروع کر دی ہے اور اس کے لیے 30 جولائی تک درخواست طلب کی گئی ہیں۔

ہندستانی ٹیم کو انگلینڈ میں منعقد ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ عالمی کپ میں ہندستانی ٹیم کے کوچ روی شاستری تھے۔ بی سی سی آئی کا نظم کرنے والی منتظمین کی کمیٹی (سی او اے) نے منگل کو ایک بیان جاری کر کے بتایا کہ ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، فیزیو تھیراپسٹ، کنڈیشنگ کوچ اور انتظامی منیجر کے لئے 30 جولائی تک درخواست طلب کی گئی ہیں۔


بی سی سی آئی نے ساتھ ہی بتایا کہ ٹیم انڈیا کا موجودہ کوچنگ عملہ خود کار طریقے سے اس بھرتی کے عمل میں شامل رہے گا۔ ان خطوط کے لئے بی سی سی آئی کا فیصلہ آخری اور حتمی ہو گا۔ چیف کوچ، دیگر سپورٹنگ عملے اور طبی عملے کی تقرری پانچ ستمبر 2019 سے 24 نومبر 2021 تک کیلئے رہے گی جبکہ انتظامی منیجر کی تقرری ایک سال کی مدت کے لیے ہی ہو گی۔

ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ روی شاستری کا معاہدہ اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے کے بعد ختم ہو جائے گا۔ بی سی سی آئی نے اگرچہ کہا ہے کہ موجودہ کوچنگ عملہ خود کار طریقے سے اس عمل میں شامل رہے گا۔ لیکن عمل میں شامل ہونے کے لیے موجودہ کوچ کو اپنی رضامندی دینی ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم کے سپورٹ عملے میں شاستری کے علاوہ بولنگ کوچ بھرت ارون، بیٹنگ کوچ سنجے بانگڑ اور فیلڈنگ کوچ آر سریدھر شامل ہیں۔ سپورٹ اسٹاف میں عالمی کپ کے بعد 45 دن کی توسیع کر دی گئی ہے اور اس میں ویسٹ انڈیز کا تین اگست سے تین ستمبر تک کا دورہ شامل رہے گا۔


بھرتی کے عمل میں شامل ہونے کے لیے موجودہ عملے کو اپنی رضامندی دینی ہوگی۔ لیکن ٹیم کو نیا ٹرینر اور فزیو ملے گا۔ ٹرینر شنکر باسو اور فزیو پیٹرک فرهارٹ ہندستان کے سیمی فائنل میں باہر ہو جانے کے بعد اپنے عہدوں سے رخصت ہو گئے تھے۔ ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے دورے کے بعد اپنے گھریلو دورے کا آغاز 15 ستمبر سے جنوبی افریقہ کے خلاف سریز سے کرنا ہے۔

شاستری کی تقرری 2017 میں کی گئی تھی جب انل کمبلے کی مدت متنازعہ طریقے سے ختم ہوگئی تھی۔ اس وقت کوچ کے انتخاب کے عمل میں کمبلے نے خود کار طریقے سے درخواست دی تھی لیکن کپتان وراٹ کوہلی کی پسند مانے جانے والے شاستری کو ہی کوچ بنایا گیا تھا۔


57 سال کے شاستری اس سے پہلے اگست 2014 سے جون 2016 تک ہندستانی کرکٹ کے ڈائریکٹر بھی رہے تھے۔ شاستری اور وراٹ کا تال میل شاندار تھا لیکن ان کے دور کے دوران ہندستانی ٹیم آئی سی سی کا کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیت سکی۔ ہندوستان کو 2017 کی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان اور 2019 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شاستری کی مدت کار میں سب سے بڑی کامیابی ہندوستان کا اس سال کے شروع میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنا ہے۔ ان کے دور میں ہندوستان نے آسٹریلیا میں ون ڈے سریز اور پھر نیوزی لینڈ میں ون ڈے سریز جیتی۔ لیکن عالمی کپ سے ٹھیک پہلے ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف گھریلو ون ڈے سیریز میں 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


بی سی سی آئی نے چیف کوچ کے لیے جو شرط رکھی ہے اس میں امیدوار كو 60 سال سے کم کا ہونا چاہیے اور ساتھ ہی کم از کم 30 ٹیسٹ یا 50 ون ڈے کھیلنے کا تجربہ بھی ہونا چاہیے۔ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچ کے لیے بھی 60 سال سے کم کی عمر رکھی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Jul 2019, 7:10 PM