بنگلہ دیشی کرکٹر مشفق الرحیم کا ٹی-20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

سوشل میڈیا پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے مشفق نے کہا کہآج میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔ ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس میں بنگلہ دیش کی نمائندگی جاری رکھوں گا۔

مشفق الرحیم، تصویر آئی اے این ایس
مشفق الرحیم، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے اتوار کو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ مشفق نے کہا کہ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فرنچائزی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے بھی دستیاب ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے مشفق نے کہا کہ "آج میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔ ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس میں بنگلہ دیش کی نمائندگی جاری رکھوں گا۔ مجھے امید ہے کہ ان دونوں فارمیٹس میں اپنے ملک کے لئے کامیابی لا سکتا ہوں ۔ میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) اور دیگر فرنچائزی ٹورنامنٹس میں حصہ لینا جاری رکھوں گا۔


خیال ر ہے کہ مشفق نے یہ فیصلہ ایشیا کپ 2022 سے بنگلہ دیش کے باہر ہونے کے بعد کیا ہے۔ ان کی ٹیم گروپ مرحلے میں افغانستان اور سری لنکا کے خلاف دونوں میچ ہار گئی تھی اور مشفق ان میچوں میں بالترتیب صرف چار اور ایک رن ہی بنا سکے تھے۔

خراب فارم میں رہنے والے مشفق نے نومبر 2019 سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں صرف دو نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 113.38 کے اسٹرائیک ریٹ سے آٹھ اننگز میں صرف 144 رن بنائے تھے۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد ٹیم انتظامیہ نے مشفق کو پاکستان اور زمبابوے کے خلاف کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر رکھا۔


زمبابوے کے خلاف 2006 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے مشفق نے اپنے ملک کے لیے 102 میچ کھیلے، 19.23 کی اوسط اور 119.94 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1500 رن بنائے۔ انہوں نے اپنے ٹی-20 انٹرنیشنل کیریئر میں پانچ نصف سنچریاں بنائیں، اور وکٹ کے پیچھے 42 کیچ بھی لیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔