آسٹریلیا ساتویں بار بنا آئی سی سی ویمنز ورلڈ چیمپئن
آسٹریلیا ساتویں مرتبہ عالمی چیمپئن بنا ہے۔ آسٹریلیا نے 1978، 1982، 1988، 1997، 2005، 2013، 2022 میں یہ خطاب اپنے نام کیا ہے۔

کرائسٹ چرچ: الیسا ہیلی (170) کی شاندار سنچری سے آسٹریلیا نے خواتین کرکٹ میں اپنا دبدبہ ثابت کرتے ہوئے دفاعی چمپئن انگلینڈ کو اتوار کے روز یکطرفہ انداز میں 71 رنز سے شکست دے کر آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ چیمپئن بننے کا شرف حاصل کیا۔ آسٹریلیا ساتویں مرتبہ عالمی چیمپئن بنا ہے۔ آسٹریلیا نے 1978، 1982، 1988، 1997، 2005، 2013، 2022 میں یہ خطاب اپنے نام کیا ہے۔
آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوور میں 5 وکٹ پر 356 رن کا بڑا اسکور بنانے کے بعد انگلینڈ کو 43.4 اوورز میں 285 رنز پر سمیٹ دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے نتالی سیور نے ناقابل شکست 148 رن کی بہترین اننگ کھیلی، لیکن انہیں باقی بلے بازوں کا کوئی تعاون نہیں ملا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایلانا کنگ اور جیس جوناسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ الیسا ہیلی کو پلیئرآف دی میچ کے ساتھ ٹورنامنٹ میں 509 رنز بنانے کے لئے پلیئر آف دی سیریز کا بھی ایوارڈ دیا گیا۔
پہلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم نے ریکارڈ 356 رنز بنائے تھے۔ خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں یہ سب سے زیادہ اسکور تھا۔ اس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم کچھ خاص نہ کر سکی اور پانچویں مرتبہ عالمی چیمپئن بننے سے دور رہ گئی۔ انگلینڈ کو چوتھی بار ویمن ورلڈ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہر بار آسٹریلیا نے ہی اسے شکست دی ہے۔ اس سے قبل 1978، 1982 اور 1988 میں مسلسل تین بار آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست دی تھی۔
اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنائے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 285 رن ہی بناسکی اور 71 رنز سے میچ ہار گئی۔ 357 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کو اچھے آغاز کی ضرورت تھی لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ 12 رن کے اسکور پر وییہ پویلین لوٹ گئیں۔ انہوں نے صرف چار رنز بنائے۔ اس کے بعد بے ماؤنٹ اور کیپٹن ہیتھر نائٹ بھی چلتی بنیں۔ 86 رنز کے اندر تین وکٹیں گنوانے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم بڑی شکست کی طرف بڑھ رہی تھی لیکن نٹالی شیور نے سنچری بنا کر شکست کے فرق کو کم کر دیا۔ دوسرے سرے پر کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا اور انگلینڈ کی ٹیم 43.4 اوورز میں 285 رنز ہی بنا سکی۔ کیمپ 148 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔