پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں لگاتار قابو سے باہر، 13 دنوں میں 8 روپے فی لیٹر کا اضافہ

ہندوستانی مارکیٹ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں آج (اتوار) 3 اپریل کو گزشتہ 13 دنوں میں 11ویں مرتبہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: گھریلو بازار میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عالم یہ ہے کہ 22 مارچ سے اب تک یعنی 13 دنوں میں ایندھن 8 روپے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔ ہندوستانی تیل کمپنیوں نے قومی راجدھانی دہلی میں آج (اتوار) 03 اپریل کو بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80-80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے۔

ہندوستانی پٹرولیم مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن (IOCL) کی تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق جہاں ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں پٹرول 118 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے، وہیں اب ڈیزل بھی 102 روپے فی لیٹر سے زیادہ داموں میں فروخت ہو رہا ہے۔ ملک کی راجدھانی دہلی میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت اب 103.41 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ڈیزل 95 روپے فی لیٹر کے قریب ہے۔


آئی او سی ایل کے مطابق، راجستھان کے سری گنگا نگر میں اب پٹرول 120.96 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ ڈیزل 103.51 روپے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے۔

ملک کے چار اہم شہروں میں پٹرول ڈیزل کے داموں پر نظر ڈالیں تو دہلی میں پٹرول 103.41 روپے، جبکہ ڈیزل 94.67 روپے فی لیٹر ہے۔ ممبئی میں پٹرول 118.41 روپے اور ڈیزل 102.64 روپے فی لیٹر پر دستیاب ہے۔ اسی طرح کولکاتا میں پٹرول 113.03 روپے، ڈیزل 97.82 روپے فی لیٹر جبکہ چنئی میں پٹرول 108.96 روپے اور ڈیزل 99.04 فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔

سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کے روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کے حوالہ سے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب تک اگلے انتخابات آنے تک پٹرول کی قیمت 275 روپے فی لیٹر تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا، ’’عوام کہہ رہی ہے کہ 80 پیسے یومیہ یا تقریباً 24 روپے مہینے کے حساب سے اگر پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوتا رہا تو اگلے انتخابات جو کہ نومبر دسمبر میں ہوں گے، اس دوران 7 ماہ میں قیمتوں میں 175 روپے کے لگ بھگ اضافہ ہو جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔